پوٹن کا یو اے ای اور سعودی عرب کا دورہ

,

   

ریاض؍ دبئی: روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے آج متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کا ایک روزہ دورہ کیا ۔ انھوں نے دونوں ملکوں کی اعلیـ قیادت کے ساتھ اجلاسوں میں ماسکو کیلئے اہم شراکت داری کو مضبوط بنانے ، توانائی کے مسائل اور علاقائی پالیسی پر بات چیت کی۔ بتایا گیا ہے کہ صدر پوٹن نے تیل کے شعبے میں تعاون کے مسائل کے علاوہ بین الاقوامی اور علاقائی مسائل، فلسطین۔اسرائیل مسئلہ اور دیگر امور پر بات چیت کی ہے۔ روسی صدر نے ماسکو سے چار لڑاکا جٹ طیاروں کی سکیورٹی میں اڑان بھری اور پہلے وہ دارالحکومت یو اے ای ابوظہبی پہنچے جہاں انھوں نے صدر امارات محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی۔ پوٹن نے میزبان ہم منصب کے ساتھ ہمہ رخی باہمی تعاون کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط کرنے پر بات چیت کی۔ بعدازاں وہ سعودیہ پہنچے اور شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی۔ سرکاری دورہ کے تحت بات چیت بنیادی طور پر سعودی ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ ہوئی۔ پوٹن نے باہمی تعلقات، اسرائیل۔ حماس جنگ اور بین الاقوامی سیاست کے علاوہ اوپیک + اتحاد میں تیل کی پیداوار کو گھٹانے کے امور پر بھی بات کی۔