ویٹکن سٹی : یورپین ملک ویٹیکن نے 88 سال کی عمر میں انتقال کرنے والے رومن کیتھولک چرچ کے 266 ویں سربراہ پوپ فرانسس کی کھلے تابوت میں موجود تصاویر جاری کر دیں۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق یہ تصاویر ویٹیکن میں پوپ فرانسس کی رہائش گاہ کاسا سانتا مارٹا میں لی گئی تھیں۔ کھلے تابوت میں موجود پوپ فرانسس کی تازہ ترین تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انہیں آخری سفر کے لیے سرخ لباس پہنایا گیا ہے۔ ان تصاویر میں پوپ فرانسس کے سر پر ایپسکوپل میٹر (پوپ کے سر پر پہنی جانے والی مخصوص تاج نما ٹوپی) اور ہاتھ میں منفرد اور مخصوص مالا بھی دیکھی جا سکتی ہے۔ پوپ فرانسس کی آخری رسومات کے لیے تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ یاد رہے کہ کل بروزہ ہفتہ پاپ فرانسس کی آخری رسومات سے متعلق تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جس میں درجنوں عالمی رہنماؤں اور ان کے لاکھوں چاہنے والوں کی شرکت متوقع ہے۔
