عادل آباد میں احتجاجی دھرنا، کانگریس ضلع صدر ساجد خاں کا خطاب
عادل آباد۔ مرکزی حکومت ملک کے سرمایہ کاروں کا تعاون کرتے ہوئے غریب اور اوسط درجہ کی زندگی گذارنے والے افراد کے ساتھ زیادتی کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار کانگریس پارٹی ضلع صدر مسٹر ساجد خاں نے مستقر عادل آباد دفتر ضلع کلکٹریٹ کے روبرو مرکزی حکومت کی پالیسی کے خلاف منظم کردہ احتجاجی دھرنا کے موقع پر کررہے تھے۔ ضلع عادل آباد کانگریس پارٹی صدر نے مرکزی حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول، ڈیزل ، پکوان گیس کی قیمت میں اضافہ کے علاوہ جی ایس ٹی میں مزید اضافہ کرتے ہوئے عوام پر جہاں ایک طرف زائد بوجھ ڈالا جارہا ہے۔ وہیں ریاستی حکومت برقی شرح اور آر ٹی سی بس کرایہ میں اضافہ کرکے ریاستی عوام کو پریشان کررہی ہے۔ جی ایس ٹی میں اضافہ کے بنا پر روز مرہ استعمال کی جانے والی اشیاء خوردنوش کی قیمتوں میں بے تہاشہ اضافہ پایا جارہا ہے۔ مسٹر ساجد خاں نے سرمایہ کار اڈانی، امبانی کی تائید و حمایت میں چلنے والی مرکزی حکومت کے خلاف شدید تنقید کرتے ہوئے پٹرول، ڈیزل، پکوان گیس کی قیمت میں تخفیف کرنے کا مطالبہ کیا۔ قومی کانگریس پارٹی کی ہدایت پر مسٹر نریندر مودی حکومت کے خلاف بڑے پیمانہ پر دفتر ضلع کلکٹریٹ کے روبرو احتجاج منظم کیا گیا جس میں اے آئی سی سی رکن جی سجاتا، رفیق اللہ خاں، سنجوریڈی، ایم نرسنگ راؤ، گجیندر، سری دھر، ایم نرسنگ، سنتوش، ایس کے کلیم، ایم اے شکیل، جی ناگیش، رام داس، سنجے، چندر شیکھر کے علاوہ دیگر افراد کی کثیر تعداد موجود تھی۔