پٹھان کے خلاف اب مسلم تنظیمیں بھی احتجاج کریں گی

   

لکھنو ۔ سوپر اسٹار شاہ رخ خان اور اداکارہ دیپیکا پڈوکون کی فلم پٹھان کا پہلا گانابے شرم رنگ حال ہی میں ریلیز ہوا ہے۔ اس کے بعد سے اس گانے کی وجہ سے فلم تنازعات میں گھری نظر آرہی ہے۔ جہاں بی جے پی لیڈر اور ہندو تنظیمیں فلم کے گانے بے شرم رنگ پر احتجاج کر رہی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی اب مسلم تنظیم نے بھی شاہ رخ خان کی فلم پٹھان کے گانے پر اعتراض کیا ہے۔ مدھیہ پردیش کے علماء بورڈ کے چیئرمین سید انس علی نے کہا کہ فلم سے مسلم کمیونٹی کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔ ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے سید انس علی نے کہا کہ ہم فلم پٹھان کو ریلیز نہیں ہونے دیں گے۔ صرف مدھیہ پردیش ہی نہیں پورے ہندوستان میں اسے ریلیز نہیں ہونے دیا جائے گا۔ پٹھان مسلم کمیونٹی میں بہت قابل احترام سمجھے جاتے ہیں۔ اس فلم کی وجہ سے پوری مسلم کمیونٹی کی بدنامی ہوئی ہے۔ فلم کا نام پٹھان ہے اور خواتین فحش ڈانس کر رہی ہیں۔ فلم میں پٹھان برادری کو غلط طریقے سے دکھایا گیا ہے۔ بنانے والوں کو فلم کا نام بدلنا چاہیے اور شاہ رخ خان کو اپنے کردار کا نام بدلنا چاہیے۔ ہم ایف آئی آر درج کروائیں گے۔ سنسر بورڈ سے رجوع کرنے کی کوشش کریں گے اور فلم کی ریلیز کو روکنے کی پوری کوشش کریں گے۔