پکوان گیس کی قیمتوں میں تین سال کے دوران 508.50 روپئے کا اضافہ

   

پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر 200 روپئے کی معمولی تخفیف
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : مرکزی حکومت کی جانب سے پکوان گیس کی قیمتوں میں 200 روپئے کی کمی کے بعد حیدرآباد میں پکوان گیس کی قیمت 1155 روپئے سے گھٹ کر 955 روپئے ہوگئی ہے ۔ گذشتہ تین سال کے دوران پکوان گیس کی قیمتوں میں 508.50 روپئے اضافہ کیا گیا ہے ۔ راجستھان میں کانگریس حکومت نے 500 روپئے میں پکوان گیس سربراہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کرناٹک کے انتخابات میں کانگریس کی کامیابی میں 500 روپئے میں پکوان گیس کی فراہمی کے وعدے کا اہم رول رہا ہے ۔ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی اقتدار حاصل ہونے کے بعد 500 روپئے میں پکوان گیس سربراہ کرنے کا وعدہ کررہی ہے جس کا عوام میں مثبت پیغام پہونچ رہا ہے ۔ جاریہ سال کے اواخر میں ملک کے پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات منعقد ہونے والے ہیں جس کا گہرائی سے جائزہ لینے کے بعد مرکزی حکومت نے پکوان گیس کی قیمت میں 200 روپئے کم کرنے کا فیصلہ کیا ۔ واضح رہے کہ ستمبر 2020 کے دوران حیدرآباد میں پکوان گیس کی قیمت 646.50 روپئے فروری 2021 میں 821.50 روپئے جولائی 2021 میں 887.00 ستمبر 2021 میں 937.00 جنوری 2022 میں 1,002.00 جولائی 2022 میں 1,105.00 مارچ 1,155 روپئے تھی ۔ ریاست تلنگانہ کے 33 اضلاع میں تقریبا 1.17 کروڑ سے زیادہ گیس کنکشنس ہیں صرف ضلع حیدرآباد میں 16.05 لاکھ کنکشنس ہیں ضلع رنگاریڈی میں 12.30 لاکھ ، ضلع میڑچل ملکاجگیری میں 11.61 لاکھ کنکشن ہیں ۔ ضلع نارائن پیٹ میں 8.6 لاکھ اور ضلع بھوپال پلی میں 6.6 لاکھ کنکشنس ہیں ۔۔ ن