پہاڑی شریف میں اوقافی اراضی پر کی گئی تعمیرات کا انہدام

   

وقف بورڈ کی بروقت چوکسی، محمد سلیم کی ہدایت پر بلدی حکام کی کارروائی

حیدرآباد ۔17۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ نے درگاہ حضرت بابا شرف الدینؒ پہاڑی شریف کی اوقافی اراضی پر ناجائز قبضوں کی برخواستگی میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ درگاہ شریف کے ریمپ کی تعمیر کے سلسلہ میں مختص علاقے سے متصل اراضی پر اچانک ناجائز قبضے کرلئے گئے ۔ 30 تا 40 باؤنڈریز تعمیر کرتے ہوئے وقف اراضی تحویل میں لے لی گئی ۔ بعض مقامات پر مکانات کی تعمیر کا آغاز ہوگیا۔ مقامی افراد کی جانب سے صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کو اطلاع دی گئی جس پر انہوں نے عہدیداروں کی ٹیم کو پہاڑی شریف روانہ کیا ۔ ریونیو ، پولیس اور میونسپل عہدیداروں کی نگرانی میں تمام باؤنڈریز کو منہدم کردیا گیا ۔ زیر تعمیر مکانات کے کام کو روکنے کی ہدایت دی گئی ۔ واضح رہے کہ سروے نمبر 91/1 اور 96 کے تحت حضرت بابا شرف الدینؒ کے تحت وقف اراضی موجود ہے۔ ریمپ کی تعمیر سے زائرین کو درگاہ شریف پہنچنے میں سہولت ہوگی ۔ مقامی غیر مجاز قابضین نے اراضی کو اپنی تحویل میں لے لیا تھا ۔ وقف بورڈ اگر فوری کارروائی نہ کرتا تو تعمیرات مستقل نوعیت اختیار کرلیتی۔ وقف بورڈ کی جانب سے غیر مجاز قابضین کے خلاف ایف آئی آر درج کیا گیا ۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے پولیس اور ریونیو کے اعلیٰ عہدیداروں سے ربط قائم کرتے ہوئے قابضین کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے انہدامی کارروائی میں تعاون پر عہدیداروں سے اظہار تشکر کیا۔ محمد سلیم نے کہا کہ جہاں کہیں ناجائز قبضے رہیں گے ، قابضین کے خلاف پولیس میں ایف آئی آر درج کی جائے گی اور انہدامی کارروائی انجام دی جائے گی ۔ محمد سلیم نے عنقریب وقف اراضیات کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔