پہلگام واقعہ کے بعد کشمیریوں کی مہمان نوازی نے سیاحوں کے دل جیت لیے

   

سری نگر : پہلگام حملے کے بعد جب پورے کشمیر میں سیکوریٹی ہائی الرٹ ہے ، وہیں سری نگر کے تاریخی لال چوک میں کشمیری عوام نے اپنی بے مثال انسان دوستی اور مہمان نوازی کی روایت کو زندہ رکھتے ہوئے سیاحوں کے دل جیت لیے ۔ سیاحوں نے مقامی لوگوں کی طرف سے فراہم کی گئی محبت اور خلوص کو سراہتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں خوف کا نہیں بلکہ انسانیت کا بول بالا ہے ۔ ممبئی سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون سیاح نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہاں پہلگام واقعہ کے باوجود محفوظ ہیں۔ ہمیں یہاں کسی قسم کی پریشانی یا خوف کا سامنا نہیں۔ بلکہ کشمیری لوگ نہایت محبت اور خلوص سے پیش آ رہے ہیں۔ ہمیں مفت میں کھانے پینے کی اشیاء دی جا رہی ہیں، تسلی دی جا رہی ہے کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کے لوگ بے حد انسان دوست اور مہمان نواز ہیں۔ جو خبریں کچھ نیوز پورٹلز یا سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں، ان پر دھیان دینے کی کوئی ضرورت نہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ ہم کشمیر میں مکمل طور پر محفوظ ہیں اور مقامی لوگوں نے ہمیں یہاں اجنبیت کا احساس بالکل نہیں ہونے دیا۔ سیاح خاتون نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں تقریباً اسی فیصد افراد سیاحت کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ اگر غیر ضروری منفی پروپیگنڈہ کیا جائے گا اور خوف کا ماحول پیدا ہوگا تو سب سے زیادہ نقصان انہی محنتی اور مہمان نواز کشمیریوں کو ہوگا۔