پہلے دن کی رمی کے بعد طواف افاضہ کیلئے حجاج کی مکہ آمد

,

   

ریاض : حجاج کرام کی بڑی تعداد رمی کے بعد طواف افاضہ کیلئے مکہ مکرمہ پہنچ رہی ہے۔ حجاج کی جانب سے بڑے شیطان کو کنکریاں مارنے کا سلسلہ جاری ہے۔جمرات پر بہترین انتظامات کی وجہ سے حجاج کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں ہے۔ جمرات پر مشاعر مقدسہ ٹرین کے تینوںا سٹیشن مکمل گنجائش کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔حج 2024 کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کرنے کے بعد حجاج نے جمعہ کی شب مزدلفہ کے میدان میں قیام کیا جہاں سے انہوں نے کنکریاں اکھٹی کیں اور ہفتہ کی صبح سویرے ہی منیٰ پہنچ گئے۔ حجاج نے سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جمرا عقبہ ’بڑا شیطان‘ کو کنکریاں ماریں۔جمرات پل کی جانب جانے والے تمام راستوں پر سکیورٹی اہلکاروں کی بڑی تعداد موجود ہے تاکہ حجاج کی آمد ورفت کو منظم رکھا جا سکے۔انتظامیہ کی جانب سے منیٰ میں جمرات پل تک جانے اور واپسی کے راستوں کو جدا کیا گیا ہے۔منیٰ کے تمام راستوں پر سکیورٹی اہلکار تعینات ہیں جو انتہائی خوش اخلاقی سے حجاج کی نہ صرف رہنمائی کر رہے ہیں بلکہ انہیں گرمی کی شدت سے بچانے کے لیے پانی کی پھوار برساتے ہیں۔منیٰ کی تمام سڑکوں پر نصب خصوصی فواروں کے ذریعے صبح سے ہی پانی کی پھوار برسانے کا سلسلہ جاری ہے جس کا مقصد ہوا کو ٹھنڈا رکھنا ہے۔