اتم کمار ریڈی اور تلنگانہ کے کانگریس ارکان پارلیمنٹ کی شرکت
حیدرآباد۔ 5 ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس کمیٹی اور رکن پارلیمنٹ نلگنڈہ اتم کمار ریڈی نے آج پارلیمنٹ اور اس کے باہر اپوزیشن قائدین کے ساتھ احتجاج میں حصہ لیا۔ ملک میں پیاز کی بڑھتی قیمتوں پر قابو پانے میں حکومت کی ناکامی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کانگریس کی زیر قیادت اپوزیشن نے ایوان میں احتجاج درج کرایا۔ بعد میں پارلیمنٹ کے احاطہ میں احتجاجی دھرنا منظم کیا گیا۔ تلنگانہ کے کانگریسی ارکان پارلیمنٹ نے اتم کمار ریڈی کی قیادت میں احتجاج میں شرکت کی جن میں ریونت ریڈی، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، ایم اے خاں اور آندھراپردیش سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ شامل ہیں۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کے نتیجہ میں عام آدمی معاشی بحران کا شکار ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیاز کی قیمتوں پر قابو پانے میں مرکزی حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ ملک بھر میں قیمتوں میں اضافے کا راست اثر غریب اورمتوسط طبقات پر پڑرہا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ مرکز کی جانب سے قیمتوں پر قابو پانے کے لیے بلند بانگ دعوے کئے جارہے ہیں لیکن کوئی ٹھوس نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔ انہوں نے مختلف ممالک سے پیاز کی درآمد میں تیزی پیدا کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ قیمتوں پر فوری قابو پایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں شدید بارش کے نتیجہ میں پیاز کی فصلوں کو نقصان کے پیش نظر حکومت کو پہلے سے احتیاطی قدم اٹھانے چاہئے تھے۔