پیاز کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ

   

غریب اور متوسط طبقہ پیاز خریدنے سے قاصر ، بیرون ممالک سے پیاز درآمد پر غور
حیدرآباد ۔ 6 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : پیاز کی قیمتوں میں پھر ایک مرتبہ غیر معمولی اضافہ ہوگیا ہے ۔ چند دن قبل قیمتوں میں کمی واقع ہوئی تھی تاہم اب دوبارہ اضافہ ہوگیا ہے ۔ شہر میں اچانک فی کلو پیاز 60 تا 80 روپیوں تک پہونچ گئی ہے ۔ گزشتہ روز شہر کی بڑی مارکٹس ملک پیٹ اور محبوب منشن میں تقریبا 100 لاری پیاز برآمد کی گئی تھی اس کے باوجود قیمتوں میں کمی واقع نہیں ہوئی ہے اور ہول سیل مارکٹس میں فی کلو پیاز معیار کے مطابق 40 تا 50 اور 60 روپیوں تک فروخت کی جارہی ہے اور یہی پیاز ریٹیل مارکٹ پہنچ کر 70 تا 80 روپئے فی کلو ہوچکی ہے اور قیمتوں میں اضافہ پڑوسی ریاست آندھرا پردیش میں بھی ہورہے جہاں پیاز 50 تا 70 روپئے فی کلو فروخت کی جارہی ہے ۔ قیمتوں میں اضافہ کی وجہ پڑوسی ریاست مہاراشٹرا میں زور دار بارش کی وجہ سے پیاز کی فصلوں کو شدید نقصان پہونچا ہے اور جس کے نتیجہ میں پیاز کی قلت قیمتوں میں اضافہ ہوچکا ہے اور قیمتوں میں اضافہ کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ملک گیر سطح پر سب سے بڑی پیاز کی ہول سیل مارکٹ واقع لاسال گاؤں میں ہی پیاز 50 تا 55 روپئے فی کلو فروخت کی جارہی ہے ۔ اسی دوران پیاز کی بڑھتی قیمتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے مرکزی حکومت نے بیرونی ممالک جیسے ایران ، مصر اور ترکی وغیرہ سے پیاز درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔۔