اگرتلہ: تریپورہ اسمبلی انتخابات کے نتائج کے اعلان کے دو دن بعد بائیں محاذ (ایل ایف) اور اتحادی کانگریس نے ہفتہ کو انتخابی نتائج کو ’غیر متوقع‘ قرار دیا اور الزام لگایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے انتخابات جیتنے کیلئے پیسے کی طاقت کے علاوہ انتظامیہ اور مرکزی حکومت کو غیر قانونی طور پر متحرک کیا ۔ ایل ایف کے کنوینر نارائن کار نے ایک بیان میں کہا کہ انتخابی نتائج پانچ برسوں میں بی جے پی کی جابرانہ اور غلط حکمرانی کی عکاسی نہیں کرتے ۔ عوامی زندگی بہت سی خرابیوں سے دوچار ہے جہاں جمہوری جذبے کا فقدان تھا، امن و امان مکمل طور پر ٹوٹ چکا تھا اور سیاسی تشدد نظام کا معمول بن چکا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بایاں محاذ اور کانگریس نے زمینی حقیقت کو مدنظر رکھتے ہوئے جمہوریت اور عوام کو بی جے پی کی ’غلط حکمرانی‘سے بچانے کیلئے ہاتھ ملایا۔ گیارہویں گھنٹے میں بی جے پی نے ووٹ خریدنے کیلئے بھاری رقم خرچ کی اور بھگوا کیمپ کے حق میں ووٹ کھینچنے کے لیے انتظامیہ کا استعمال کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اگرچہ یہ کوشش غیر قانونی اور غیر اخلاقی تھی، لیکن بالآخر بی جے پی کامیاب ہوئی، جس کے نتیجے میں بائیں بازو اور کانگریس کے امیدواروں کو شکست ہوئی۔ کار نے کہاکہ ہم انتخابی نتائج اور بی جے پی کے مسلسل دوسری میعاد کیلئے انتخابات جیتنے کے بعد ریاست کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے بیٹھیں گے ۔