کورٹلہ میں آئیٹا کے زیر اہتمام ٹیچرس میٹ و تہنیتی تقریب، یقین الدین و دیگر کاخطاب
کورٹلہ /22 ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) محمد آصف خان صدر آئیٹا کورٹلہ یونٹ کی صدارت میں آئیٹا کورٹلہ یونٹ کے زیر اہتمام ایم جی گیسٹ ہاوز کورٹلہ نزد جامع مسجد ٹیچرس میٹ و نومنتخب اساتدہ اکرام و معلمات کے اعزاز میں تہنیتی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے ریاستی صدر آئیٹا جناب یقین الدین نے کہا کہ پورے ملک کے اندر آئیٹا کی شاخیں پھیلی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی طور پر پیچھے ہونے کی وجہ سے ہماری قوم پسماندہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیچر ایک شخصیت کا نام نہیں بلکہ ٹیچر اپنے آپ میںایک انجمن ہے ۔ تدریس ایک بہت ہی عظیم کام ہے ۔ ہم طلباء کی صلاحیتوں کو پروان چڑھاتے ہوئے انہیں ایک اچھا شہری بنانے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی قابلیت نہایت ہی اہمیت کی حامل ہوتی ہے ۔ اساتذہ کی ہی بدولت دنیا میں انقلاب آئے ہیں۔ اساتذہ کی محنتوں و کاوشوں کی بدولت سماج میں سدھار آتا ہے ۔ طلباء کی سوچ و فکر میں تبدیلی لانے میں اساتذہ اہم رول ادا کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مثالی اساتذہ وہ ہے جو طلباء کو ایک اچھا شہری بنانے کی کوشش کرے ۔ انہوں نے ریاست تلنگانہ کے مسلم نوجوانوں کے حالات زندگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمارے نوجوانوں میں ڈرگس کا استعمال عام ہوگیا ہے ۔ جناب محمدعبدالسمیع صدیقی CPDUMT آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی حیدرآباد نے معاشرہ اور قوم کی تعمیر میں اساتذہ کے کردار کے عنوان پر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کے عہدہ پر فائز ہونے کیلئے ہم بہت ہی کوشش کرتے ہیں۔ جیسے ہی اساتذہ کے عہدہ پر فائز ہوتے ہیں ہم اپنی ذمہ داریاں بھول جاتے ہیں۔ انہوں نے اساتذہ سے کہا کہ وہ جس اسکول میں پڑھا رہے ہیں اس اسکول کے طلباء کے تعلیمی معیار میں سدھار لانے کی کوشش کریں۔اس اجلاس سے محمد الحبیب نائب صدر آئیٹا افضل شاہ بیابانی ، غوث الرحمن پرنسپل گورنمنٹ جونیئر کالج کورٹلہ کے علاوہ دیگر مقررین نے مخاطب کیا ۔ اس موقع پر نومنتخب اساتذہ اکرام عبدالباطن ، عبدالرحمن ، عبدالعزیز ، شیخ عامر ، شاہد علی ، فاطمہ شاداں ، درخشاں فاطمہ ، مہوش مہناز ، ہدا رفیقی ، واجد خان ، شائستہ عرفانہ ، رضوانہ ، اطہر فاطمہ کی شالپوشی کرتے ہوئے انہیں مومنٹوزسے نوازا گیا ۔