نلگنڈہ میں اڈوانسڈٹکنالوجی سنٹرکا افتتاح ‘ اندرماں مکانات کی تقسیم ‘ ریاستی وزیرکے وینکٹ ریڈی کا خطاب
نلگنڈہ۔27؍ ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع نلگنڈہ میں ایڈوانسڈ ٹیکنالوجی سنٹر کے قیام سے نوجوانوں کو ضلع میں مختلف تکنیکی کورسز میں تربیت حاصل کرکے بہتر روزگار کے مواقع حاصل ہوسکتے ہیں۔ یہ بات ریاستی وزیرعمارات و شوارع اورسنیماٹو گرافی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے نلگنڈہ ضلع مستقر کے آئی ٹی آئی کیمپس میں 42.5 کروڑ روپے کی لاگت سے قائم کئے گئے ایڈوانسڈ ٹیکنالوجی سنٹر (ATC) کا افتتاح کے موقع پر بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے ریاست بھر میں 2400 کروڑ روپے کی لاگت سے 65 اے ٹی سی مراکز کا بیک وقت افتتاح کیا ہے جن میں نلگنڈہ مستقر بھی شامل ہے۔ریاستی وزیر نے کہا کہ یہ مراکز ٹاٹا کے اشتراک سے قائم کیے گئے ہیں تاکہ نوجوانوں کو روزگار سے جوڑا جا سکے۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے بتایاکہ اے ٹی سی کے ساتھ ہی 20 کروڑ روپے کی لاگت سے نیشنل یوتھ ایڈوانسڈ نالج (NYAK) بلڈنگ بھی قائم کی جائے گی جس میں خواتین کے لیے خصوصی تربیتی پروگرام منعقد ہوں گے۔ انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ‘‘آپ کا مستقبل آپ کی محنت پر منحصر ہے ۔اگر آپ چار سال محنت سے تعلیم حاصل کریں گے تو چالیس سال خوشحال زندگی گزار سکیں گے۔’’اس موقع پر ضلع کلکٹر ایلا ترپاٹھی کو آبی تحفظ قومی ایوارڈ حاصل ہونے پر مبارکباد دی۔ضلع کلکٹر ایلا ترپاٹھی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیشہ ورانہ تربیت سے روزگار کے وسیع امکانات فراہم ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ صرف ڈگری یا دیگر تعلیمی اسناد ہی نہیں بلکہ تکنیکی تعلیم بھی سرکاری و خانگی ملازمتوں کے حصول میں مددگار ثابت ہوگی۔اس تقریب میں آر ڈی او وائی اشوک ریڈی ڈسٹرکٹ ایمپلائمنٹ آفیسر پدمااے ٹی سی پرنسپل نرسمہا چاری لائبریری چیئرمین محمد عبدالحفیظ خان ڈی سی سی ڈائرکٹر سمپت ریڈی مارکیٹ کمیٹی چیئرمین رمیش ٹی جی آئی آئی سی زونل منیجر سنتوش کمار اور دیگر شریک تھے۔بعد ازیں ریاستی وزیرنے 75 مستحقیں کو اندرماں تقسیم پروگرام کے تحت مکا نات تقسیم کیا۔اس پروگرام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کا مقصد یہ ہے کہ کوئی بھی غریب کچے مکان میں نہ رہے اسی لیے ہر اسمبلی حلقہ میں 3500 اندراما مکانات تعمیر کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے نلگنڈہ میں 75 استفادہ کنندگان کو ڈبل بیڈ روم مکانات تقسیم کئے اور اعلان کیا کہ ہر گھر کے لئے وہ ذاتی طور پر 10 ہزار روپے کی مالی امداد فراہم کریں گے تاکہ دسہرہ سے قبل مکانات میں داخلہ ہوسکے۔وزیر نے کہا کہ تین برسوں میں ہر حلقہ کے تمام بے گھر افراد کو مکانات فراہم کئے جائیں گے۔تقریب میں ضلع لائبریری کے صدر محمد عبدالحفیظ خان ڈسٹرکٹ کوآپریٹیو بینک ڈائریکٹر سمپت ریڈی اور دیگر عہدیدار شریک تھے۔