حیدرآباد۔5 ۔ اپریل (سیاست نیوز) کوکٹ پلی علاقہ میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا جس میں زیر تعمیر پینٹ ہاؤزکی دیوار گرنے کے نتیجہ میں کمسن لڑکی ہلاک ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق چار سالہ شارون دتیہ جو سنیل کمار اور میری کی لڑکی تھی اور روزگار کیلئے وہ گنٹور سے حیدرآباد آئے تھے۔کوکٹ پلی ایچ ایم ٹی ہلز شاتاواہنا نگر میں مقیم ہے۔ منگل کی صبح میری اپنی بیٹی کے ہمراہ ناشتہ لانے کیلئے قریب میں واقع ٹفن سنٹر گئی تھی اور واپسی کے دوران اچانک زیر تعمیر پینٹ ہاؤز کا ملبہ چار سالہ دتیہ پر آ گرا ۔ اس حادثہ میں ماں بھی زخمی ہوگئی جبکہ کمسن بچی کے سر پر گہرا زخم آنے کے نتیجہ میں جائے حادثہ پر ہی فوت ہوگئی۔ اسی دوران وہاں سے گزرنے والا ایک اور لڑکا بھی زخمی ہوگیا۔ اس حادثہ کے بعد علاقہ میں ہلکی سے کشیدگی پھیل گئی اور کوکٹ پلی سے وابستہ ایک ٹیم وہاں پہنچ کر بچی کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے سرکاری ہاسپٹل منتقل کیا۔ اسی دوران جی ایچ ایم سی کے حکام بھی فوری حرکت میں آکر زیر تعمیر پینٹ ہاؤز کے پاس پہنچ گئے اور اسے مکمل طور پر منہدم کردیا۔ بتایا جاتاہے کہ تین منزلہ عمارت پر غیر مجاز طور پر پینٹ ہاؤز تعمیر کیا جارہا تھا اور حالیہ دنوں اس کی تعمیر کیلئے چھت ڈالا گیا تھا اور آج صبح اچانک اس کا ملبہ نیچے گر پڑا ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں لاپرواہی کا ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا۔ ب