ہفتہ طویل پروگراموں کے ذریعہ حکومت کی غلط پالیسیوں کو اُجاگر کرنے کا اعلان
ورنگل ۔ یکم ڈسمبر (سیاست نیوز) سی پی آئی ماؤسٹ پارٹی کی جانب سے پیپلز لبریشن گوریلا آرمی فاؤنڈیشن ڈے کے موقع پر 2 ڈسمبر کو مختلف پروگراموں کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔ پی ایل جی اے کا 19 سال پہلے قیام عمل میں آیا تھا جو خطرناک نکسلائٹس ونگ ہے جو سمینارس، اجلاس اور ریالیوں کے ذریعہ اپنے کیڈر کو مستحکم کرنا چاہتی ہے۔ پارٹی کے ملٹری ونگ کی جانب سے ایک ہفتہ طویل پروگراموں کا منصوبہ بنایا گیا ہے جو پارٹی کے اڈوں اور اہم مقامات پر منعقد ہوں گے اور اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ سی پی آئی ماؤسٹ تلنگانہ اسٹیٹ کمیٹی کے ترجمان جگن نے تلنگانہ کے عوام سے کہاکہ وہ 2 ڈسمبر کو پی ایل جی اے کا یوم تاسیس منائیں۔ اس دوران ہندو فاشسٹ عناصر کے خلاف پروگرام بھی ہوں گے۔ انھوں نے الزام لگایا کہ ماؤسٹ جن کو ہندو فاشسٹ کہتے ہیں، بی جے پی کی مرکزی حکومت ان کی حوصلہ افزائی کررہی ہے۔ حکومت گورکھا حملوں کی بھی پشت پناہی کررہی ہے۔ بعض عناصر جے سری رام کے نعروں اور دیگر اُمور کے نام دلتوں، آدی واسیوں اور اقلیتوں پر حملوں میں ملوث ہیں۔ ماؤسٹوں کے ایک پریس نوٹ میں خواتین پر ہونے والے حملوں میں اضافہ پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اور یہ اندیشہ ظاہر کیا گیا کہ آنے والے دنوں میں ان حملوں میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے۔ ماؤسٹ غلبہ والی ریاستوں سے متعلق 26 اگسٹ کو مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ کی زیرصدارت منعقد ہوا تھا جس میں ماؤسٹوں سے پاک ملک کے لئے ایک پالیسی وضع کی گئی اور عمل آوری منصوبہ بنایا گیا تھا۔ اُنھوں نے الزام لگایا کہ حکومت سامراج کی ہی حوصلہ افزائی کررہی ہے۔ ماؤسٹ لیڈر نے عوام پر زور دیا کہ وہ حکومت کے ایسے جارحانہ اقدامات کی مخالفت کریں اور ان کو بے نقاب کریں۔ ان پروگراموں کے ذریعہ پریس نوٹ میں دفعہ 370 کی منسوخی اور گرین ہنٹ آپریشن کا بھی تذکرہ کیا گیا۔ اور کہا گیا کہ ایسے سنگین مسائل سے ملک کے عوام کے مفادات کو نقصان ہوگا۔