نئی دہلی ۔ 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بھارتی انٹرپرائزس نے کوروناوائرس کے خلاف جنگ میں تعاون کیلئے وزیراعظم کیر فنڈ میں 100 کروڑ روپئے عطیہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس عطیہ کا بڑا حصہ فوری طور پر فنڈ میں دیا جائے گا جبکہ ماباقی رقم ماسک اور دیگر اہم آلات کی خریداری پر خرچ کی جائے گی جو ڈاکٹرس اور دیگر طبی عملہ کیلئے ضروری ہے۔ کمپنی نے بتایا کہ ایک بلین سے زیادہ N95 ماسک حاصل کئے جارہے ہیں جو فوری طور پر دستیاب ہوں گے۔ بھارتی انٹرپرائزس اور اس کی کمپنیاں بھارتی ایرٹیل، بھارتی انفراٹیل اور دیگر نے کوروناوائرس کے خلاف لڑائی میں 100 کروڑ روپئے عطیہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہیکہ ترجیحی بنیادوں پر اس وبا کے خلاف حکومت کی کوششوں میں اجتماعی تعاون ضروری ہے تاکہ اس کے اثر کو کم کیا جاسکے۔