حیدرآباد۔8نومبر(سیاست نیوز) ملک کے نفرت انگیز اور پر آشوب ماحول میں کچھ ایسی مثالیں بھی سامنے لائی جاتی ہیں جو کہ ہندستان کے خمیر کو اجاگر کرتی ہیں۔ہندستانی کرکٹر وی وی ایس لکشمن نے کانپور کے ایک چائے والے کی کہانی ٹوئیٹر کے ذریعہ شئیر کرتے ہوئے چند الفاظ میں یہ بتایا کہ محمد محبوب ملک جو کہ 40 بچوں کی تعلیم و تربیت پر اپنی 80 فیصد آمدنی کس طرح سے خرچ کرتا ہے۔وی وی ایس لکشمن نے چائے والے محمد محبوب ملک کی تصویر کے ساتھ اسے دوسروں کے لئے مثال قرار دیتے ہوئے لکھا ہے کہ وہ چائے کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی کا 80 فیصد حصہ 40 بچوں کی تعلیم و تربیت پر خرچ کرتا ہے ۔وی وی ایس لکشمن کی جانب سے اس تصویر اور تفصیل کے شئیر کئے جانے کے بعد اس پر کافی لوگوں نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے محمد محبدب ملک کو مبارکباد دیتے ہوئے اس کی حوصلہ افزائی کی ۔