چارلی کرک کے قاتل کی تصاویر اور ویڈیو جاری

   

یوٹاہ، 12 ستمبر (یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھی چارلی کرک کے قتل کی تحقیقات میں تفتیش کاروں نے مبینہ حملہ آور کی تصاویر اور ویڈیو جاری کردیں جبکہ انہوں نے ایک رائفل بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ تفتیش کاروں نے چارلی کرک کے قتل کے سلسلے میں ایک مشتبہ شخص کی تصاویر اور ویڈیو جاری کی اور بتایا کہ قتل میں استعمال ہونے والی رائفل برآمد کر لی ہے ۔ چارلی کرک ڈونالڈ ٹرمپ کے اتحادی تھے جنہیں بدھ کے روز ریاست یوٹاہ کی ایک یونیورسٹی میں تقریب کے دوران نامعلوم حملہ آور نے گردن میں گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ تفتیش کاروں نے اب تک قتل کے محرکات کے بارے میں کوئی بات نہیں کی لیکن امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے صحافیوں کو بتایا کہ انہیں قاتل کے محرکات کے بارے میں کچھ اشارے ملے ہیں۔ ایف بی آئی اور دیگر حکام نے بتایا کہ قاتل تقریب شروع ہونے سے چند منٹ پہلے یونیورسٹی کے کیمپس پہنچا تھا جہاں چارلی کرک 3 ہزار افراد کے سامنے ایک مباحثے میں مصروف تھے ۔ حکام نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ سکیورٹی کیمرہ ویڈیوز میں ایک شخص کو عمارت کی چھت پر جانے کیلیے سیڑھیاں چڑھتے ہوئے دیکھا گیا جہاں سے اس نے چارلی کرک پر گولی چلائی۔