حیدرآباد ۔ /11 جنوری (سیاست نیوز) چارمینار اور اطراف و اکناف ترقی دینے شروع کردہ پیدل راہرو پراجکٹ آخری مراحل میں پہونچ گیا ہے ۔ 400 سالہ تاریخی چارمینار کا مشاہدہ کرنے کثیر تعداد میں بیرونی ممالک کے علاوہ ملک کی مختلف ریاستوں اور شہروں سے سیاح حیدرآباد پہونچتے ہیں حکومت کی جانب سے چارمینار اور اطراف و اکناف کے علاقوں کو ترقی دینے چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کا آغاز کیا تھا جو مکمل ہونے کے قریب ہے ۔ اس پراجکٹ پر 60.02 کروڑ روپئے خرچ کئے جارہے ہیں ۔ دو محکمہ جات کے مشترکہ تعاون و اشتراک سے ترقیاتی کام انجام دیئے جارہے ہیں ۔ 11.28 کروڑ روپئے کے مصارف سے 6 مقامات پر جی ایچ ایم سی کی جانب سے ترقیاتی کام انجام دیئے گئے ہیں ۔ قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی جانب سے 48.74 کروڑ روپئے کے مصارف سے 7 ترقیاتی کام انجام دیئے جارہے ہیں ۔ چارمینار کے مصروف ترین علاقہ لارڈ بازار کے دوکانات کے سامنے موجود ٹریفک رکاوٹوں کو برخواست کیا جارہا ہے ۔ ساتھ ہی چارمینار کے اطراف و اکناف موجود چار کمانوں کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ساتھ ہی چوڑی بازار ، مرغی چوک کو ترقی دی جارہی ہے ۔ کلاک ٹاور کو ترقی دی جارہی ہے ۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر شہر کی ترقی بالخصوص پرانے شہر کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کرکے چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ ن