چارمینار کے قریب پولیس نے کانگریس قائدین کو پوسٹر اجراء سے روک دیا

   

پولیس کی بھاری جمعیت تعینات، احتیاطی گرفتاریاں، قائدین و پولیس میں بحث و تکرار
حیدرآباد ۔ 9 ستمبر (سیاست نیوز) علاقہ چارمینار میں آج کانگریس پارٹی کے قائدین کو پوسٹر اجرائی سے روک دیا گیا۔ بی آر ایس اور بی جے پی کی دوستی کو آشکار کرنے اور بڑے پیمانے پر شعور بیداری کیلئے کانگریس کی جانب سے پوسٹر اجرائی کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ کانگریس کے سینئر قائدین اور شہر کے کانگریس قائدین کی کثیر تعداد نے پوسٹر اجرائی کیلئے آج چارمینار کا رخ کیا۔ تاہم پولیس کی بھاری جمعیت نے قائدین کو چارمینار پہنچنے سے روک دیا اور احتیاطی گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔ چارمینار پہنچنے سے روکنے پر قائدین نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور احتجاج درج کروایا۔ اسی دوران پولیس اور کانگریس قائدین میں زبردست رسہ کشی ہوئی اور کانگریس قائدین مدھوگوڑ یاشکی، عثمان الہاجری، سمیر ولی اللہ و دیگر نے پولیس سیکوریٹی کی پرواہ کئے بغیر چارمینار کی جانب بڑھ رہے تھے۔ تاہم پولیس نے گرفتار کرلیا۔ کانگریس پارٹی کے قائد سمیر ولی اللہ نے بتایا کہ پارٹی کی جانب سے بی آر ایس اور بی جے پی کی دوستی کو آشکار کرتے ہوئے پوسٹر کو تیار کیا گیا تاکہ ان دونوں کی ملی بھگت سے عوام کو آگاہ کیا جائے اور عوام کو گمراہ ہونے سے بچانے کے اقدام کیا جائے۔ انہوںنے بتایا کہ پوسٹر پر ایک نمبر بھی دیا گیا جس پر مس کال کرتے ہوئے عوام اس روش کی تصدیق اور کانگریس پارٹی کے فیصلے سے اتفاق کا اظہار کریں۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست کے عوام کو دھوکہ باز اور فرقہ پرستوں کے چنگل سے آزاد کروانے کیلئے کانگریس کی کوشش جاری رہے گی اور آئندہ انتخابات میں ان دھوکہ باز طاقتوں کو شکست فاش کیا جائے گا۔ع