چار ریاستوں میں آج ووٹوں کی گنتی‘ تمام انتظامات مکمل

,

   

میزورم کے نتائج کاکل اعلان، عیسائیوں کی درخواست پر الیکشن کمیشن کا فیصلہ
نئی دہلی: ملک کی چار ریاستوں میں جہاں گذشتہ ماہ رائے دہی ہوئی ہے ان میں اتوار3دسمبر کو ووٹوں کی گنتی ہوگی جس کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔ میزورو میں ووٹوں کی گنتی پیر 4دسمبر کو ہوگی۔ الیکشن کمیشن نے میزورم انتخابات کی گنتی اور نتائج کی تاریخ تبدیل کردی ہے۔ اس سے پہلے میزورم کے نتائج کا اعلان چار دیگر ریاستوں مدھیہ پردیش، راجستھان، چھتیس گڑھ اور تلنگانہ کے ساتھ اتوار 3 دسمبر کو ہونا تھا۔ چپتیس گڑھ اور راجستھان میں کانگریس کی حکومتیں ہیں جبکہ مدھیہ پردیش میں بی جے پی برسر اقتدار ہے ۔ تلنگانہ میں بی آر ایس کی حکومت ہے تمام جماعتوں کو اپنی اپنی کامیابی کا یقین ہے ۔مختلف سروے میں کانگریس کی لہر کا تذکرہ کیا گیا ہے۔ میزورم میں عوام کی درخواست پر الیکشن کمیشن نے چار دسمبر کو ووٹو ں کی گنتی کرانے کا فیصلہ لیا ہے۔دراصل ووٹنگ سے پہلے ہی میزورم میں گنتی کی تاریخ بدلنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ تمام سیاسی جماعتوں نے اس پر اتفاق کیا۔ انہوں نے کہا کہ اتوار عیسائیوں کیلئے مقدس دن ہے۔ اس لیے مسیحی برادری کی اکثریت والی ریاست میزورم میں ووٹوں کی گنتی کی تاریخ میں تبدیل کی جانی چاہیے۔ تمام سیاسی جماعتوں بشمول بی جے پی، کانگریس اور حکمراں ایم این ایف نے اس مطالبے سے اتفاق کیا۔میزورم اسمبلی انتخابات کے ایگزٹ پول کے نتائج کے مطابق کسی بھی پارٹی یا اتحاد کو 21 سیٹوں کی ضرورت ہے۔ ریاست میں حکمراں میزو نیشنل فرنٹ (ایم این ایف) اور دو دیگر اتحادوں زورم پیپلز موومنٹ (ZPM) اور کانگریس کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔ مختلف ایجنسیوں نے مختلف اعداد و شمار بتائے ہیں۔ انڈیا TV-CNX نے اپنے سروے میں کانگریس کو 5 سے 9 سیٹیں ملنے کی پیش قیاسی کی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اس ریاست میں 7 نومبر کو ایک ہی مرحلے میں تمام 40 سیٹوں کے لیے ووٹ ڈالے گئے تھے۔ اکثریت کیلئے 21 نشستیں درکار ہیں۔