چار ٹیموں کے بیرونی کھلاڑی پاکستان آنے تیار

   

دبئی ۔6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان سوپر لیگ(پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کے لئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاور زلمی اورکراچی کنگز کے غیرملکی کھلاڑیوں سمیت مکمل اسکواڈ نے پاکستان آنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔ ہر گزرتے سال کے ساتھ بڑا برانڈ بننے کے ساتھ ملک میں عالمی کرکٹ کی واپسی کی راہ ہموار کر رہا ہے اور اب لیگ کے آخری مرحلے کے لیے تقریباً تمام غیرملکی کھلاڑی پاکستان آئیں گے۔ ذرائع کے بموجب اسلام آباد یونائیٹڈ اورکراچی کنگز کے ساتھ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے تمام غیرملکی کھلاڑی پاکستان آنے پر رضامند ہیں جبکہ پشاور زلمی نے لیگ کے آغاز میں ہی اعلان کردیا تھا کہ ان کی پوری ٹیم پاکستان آئے گی۔ کراچی کنگز کے اسکواڈ میں شامل غیرملکی کھلاڑیوں میں روی بوپارہ، بین ڈنک، کولن انگرام، لیام لیونگ اسٹون، کولن منرو، سکندر رضا اور ایرون سمرز شامل ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے اسکواڈ میں وین پارنیل، کیمرون ڈیلپورٹ، لیوک رونکی، فلپ سالٹ اور سمیت پٹیل جیسے انٹرنیشنل اسٹارز شامل ہیں جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شین واٹسن، ڈیوین براوو، فواد احمد، ہیری گرنی، رلی روسو اور ڈیوین اسمتھ شامل ہیں۔ اسی طرح پشاور زلمی میں ڈیرن سیمی، لیام ڈاسن، اندرے فلیچر، کرس جورڈن، وین میڈسن، ڈیوڈ ملان اورکیرون پولارڈ شامل ہیں۔ لاہور قلندرز کے اے بی ڈی ویلیئرز زخمی ہونے کی وجہ سے وطن واپس لوٹ گئے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں کی بھی پاکستان آمد کے حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔