نئی دہلی ۔ 16 ۔ اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) سی بی آئی نے آج سپریم کورٹ میں سینئر کانگریس لیڈر اور سابق وزیر فینانس پی چدمبرم کی آئی این ایکس میڈیا کرپشن کیس میں ضمانت عرضی کی یہ کہتے ہوئے مخالفت کی کہ ان کے خلاف بادی النظر میں مضبوط کیس بنایا گیا ہے ۔ سی بی آئی کی طرف سے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل کے ایم نٹراج نے جسٹس آر بانومتی کی بنچ کو بتایا کہ ان کے پاس معقول مواد موجود ہیں کہ چدمبرم نے گواہوں پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی ہے۔ سالیسٹر جنرل نے بنچ کو بتایا کہ ماضی میں چدمبرم نے اس کیس کے کلیدی گواہوں پر دباؤ ڈال کر انہیں متاثر کرنے کی کوشش کی تھی۔ 74 سالہ چدمبرم نے فاضل عدالت سے ضمانت چاہتے ہوئے کہا تھا کہ تحقیقاتی ایجنٹس ان کی ہتک کرنے کیلئے انہیں جیل میں برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔