حیدرآباد ۔ 22 فبروری (سیاست نیوز) معین آباد پولیس کی جانب سے گرفتار راماراجیم آرمی قائد ویرا راگھوا ریڈی کی تحویل مکمل ہوچکی ہے اور پولیس نے ملزم کو عدالت میں پیش کردیا۔ چلکور بالاجی مندر کے پجاری رنگاراجن پر حملہ کرنے والے ویرا راگھوا ریڈی کو گرفتار کرنے کے بعد پولیس نے عدالت سے تحویل طلب کی تھی اور تین دن کی تحویل کے بعد اسے دوبارہ عدالت میں پیش کردیا۔ اس دوران پولیس تحویل میں ویرا راگھوا ریڈی نے چند اہم انکشافات کئے ہیں۔ اس نے دونوں تلگو ریاستوں میں جملہ 6 بڑی منادر کا دورہ کیا اور راماراجیم کے قیام کیلئے فنڈز کو جمع کررہا تھا اور کئی افراد پر دباؤ ڈالنے کے بھی الزامات پائے جاتے ہیں۔ ایک ویب سائیٹ کو تیار کرتے ہوئے آندھراپردیش اور تلنگانہ میں راماراجیم آرمی میں تقرر کی پیشکش کی گئی اور منڈل تا ضلعی سطح پر عہدے مختص کئے گئے۔ اس کی ان کوششوں کے سبب کئی افراد متاثر ہونے کی پولیس کو اطلاعات حاصل ہوئی ہیں اور ان کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ع