حیدرآباد۔/29 فبروری، ( سیاست نیوز) دہلی فساد میں ہلاک پولیس ملازمین سے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے چمپا پیٹ چوراہے پر منعقدہ احتجاج میں اشتعال انگیز نعروں سے سنسنی پھیل گئی۔ ہندو سنگھٹن کی جانب سے منعقدہ اس سائیلنٹ مارچ اور خراج عقیدت پروگرام میں ہندو سنگھٹن کے قائدین نے مبینہ طور پر زہر افشانی کی اور اشتعال انگیزدہلی والے نعرے ’ دیش کے غداروں کو گولی مارو سالوں کو ‘ لگائے۔ ان نعروں سے چمپا پیٹ چوراہا گونج اُٹھا۔ پولیس کانسٹبل رتن لال اور انٹلیجنس عہدیدار شرما کی یاد میں منعقدہ اس پیس مارچ میں سی اے اے، این پی آر اور این آر سی کے خلاف جاری احتجاج پر تنقید کی گئی۔ اور اس احتجاج کو سازش کا حصہ قرار دیتے ہوئے بیانات دیئے گئے۔ ان اشتعال انگیز نعروں کے باوجود حیدرآباد سٹی پولیس کی جانب سے کسی قسم کی کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ ہندو سنگھٹن نے اپنے آپ کو دہلی پولیس کے ساتھ ٹھہراتے ہوئے جہادی تشدد کو معاف نہ کرنے کا اعلان کیا اور اشتعال انگیزی کی۔