چنئی: رواں انڈین پریمیئر لیگ میں پلے آف میں پہنچنے کی امیدیں تقریباً دم توڑ چکی ہیں، لیکن پانچ مرتبہ کی چمپئن چنئی سوپر کنگز چہارشنبہ کو پنجاب کنگز کے خلاف ہونے والے اہم میچ میں اپنی مایوس کن مہم کو نئی راہ دینے کی کوشش کرے گی۔موجودہ سیزن چنئی کے لیے بہت مایوس کن رہا ہے۔ ٹیم نے اب تک 9 میچز میں صرف دوکامیابیاں حاصل کی ہیں اور پوائنٹس ٹیبل کے نچلے حصے میں موجود ہے۔ مسلسل ناکامیوں، غیر متوازن ٹیم اشتراک اور فارم کی کمی نے چنئی کو بری طرح متاثرکیا ہے۔دوسری جانب پنجاب کنگز نے سیزن میں اتار چڑھاؤ کے باوجود 9 میں سے 5 میچز جیت کر خود کو پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں مقام پر برقرار رکھا ہے۔ اگر وہ چنئی کے خلاف فتح حاصل کر لیتے ہیں، تو نہ صرف ان کا موقف مزید مستحکم ہوگا بلکہ پلے آف کی دوڑ میں ان کے امکانات بھی روشن ہو جائیں گے۔ چنئی کے لیے اب ہر میچ کرو یا مرو” کی حیثیت رکھتا ہے، جب کہ پنجاب کی نظریں اس کمزور حریف کے خلاف دو قیمتی پوائنٹس حاصل کرنے پر مرکوز ہیں۔