چنبل ندی میں 17 عقیدت مند ڈوب گئے‘2کی موت

   

جئے پور :راجستھان کے کرولی میں چنبل ندی پر بڑا حادثہ پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق چنبل ندی پار کرتے وقت 17 عقیدت مند اس میں ڈوب گئے۔ دو لوگوں کی نعشیں اب تک برآمد ہو چکی ہیں جبکہ 6عقیدت مند اب بھی لاپتہ بتائے جا رہے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ عقیدتمند مدھیہ پردیش سے کیلا دیوی کا دَرشن کرنے جا رہے تھے۔ غوطہ خوروں اور ایس ڈی آر ایف کی مدد سے ریسکیو آپریشن چل رہا ہے۔معاملہ کرولی ضلع کے منڈرائل تھانہ علاقہ میںواقع رودھئی گھاٹ کا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈوبنے والے 9 عقیدت مندوں کو بہ حفاظت ندی سے باہر نکالا جا چکا ہے۔ ندی سے زندہ نکالے گئے کچھ لوگوں کی حالت خراب بھی بتائی جا رہی ہے، لیکن وہ خطرے سے باہر ہیں۔ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا جا رہا ہے کہ چنبل ندی میں پانی بہت زیادہ تھا۔ جب عقیدت مند ندی کو پار کر رہے تھے تو کچھ لوگ پانی میں بہنے لگے۔