چندرا بابو نائیڈو کی ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت3 اکتوبر تک ملتوی

   

انر رنگ روڈ مقدمہ میں آندھراپردیش ہائی کورٹ میں فریقین کی بحث
حیدرآباد ۔29۔ ستمبر (سیاست نیوز) صدر تلگو دیشم چندرا بابو نائیڈو کی پیشگی ضمانت کی درخواست کی سماعت کو آندھراپردیش ہائی کورٹ نے 3 اکتوبر تک ملتوی کردی ہے ۔ انر رنگ روڈ مقدمہ میں چندرا بابو نائیڈو نے ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرنے ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی۔ سپریم کورٹ کے سینئر وکیل سدھارتھ لوترا نے ورچول انداز میں دہلی سے بحث کرکے چندرا بابو نائیڈو کو ضمانت منظور کرنے کی درخواست کی ۔ سی آئی ڈی کی جانب سے ایڈوکیٹ جنرل سری رام نے آج اپنے دلائل پیش کئے جس کا جواب سدھارتھ لوترا نے دیا۔ انہوں نے کہا کہ سی آئی ڈی نے سیاسی انتقامی کارروائی کے طور پر چندرا بابو نائیڈو کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ ہائی کورٹ نے فریقین کی سماعت کے بعد 3 اکتوبر تک مقدمہ کو ملتوی کردیا۔ دونوں وکلاء 3 اکتوبر کو دوبارہ اپنے دلائل پیش کریں گے۔ آندھراپردیش کے نئے دارالحکومت کی تعمیر کے سلسلہ میں انر رنگ روڈ میں بے قاعدگیوں کا الزام ہے۔ چندرا بابو نائیڈو پر الزام ہے کہ انہوں نے رنگ روڈ کے الائنمنٹ کو تبدیل کرتے ہوئے اپنے قریبی افراد کی اراضیات کا تحفظ کیا تھا ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے رکن رام کرشنا ریڈی نے 27 اپریل 2022 ء کو شکایت درج کرائی جس پر سی آئی ڈی نے 9 مئی کو مقدمہ درج کیا تھا ۔ انر رنگ روڈ اسکام میں چندرا بابو نائیڈو کو ملزم نمبر ایک بنایا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ دو روز قبل سی آئی ڈی نے جنرل سکریٹری تلگو دیشم نارا لوکیش کو ملزم نمبر 14 کے طور پر مقدمہ میں شامل کیا۔