چندرا بابو کی ترنمول کانگریس کی کولکتہ ریالی میں شرکت

   

غیر بی جے پی جماعتوں کے اتحاد و حکمت عملی پر بھی اجلاس
حیدرآباد ۔ 9 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : ملک گیر سطح پر غیر بی جے پی جماعتوں کے اتحاد و آئندہ کی حکمت عملی اور ایکشن پلان پر غور و خوص کرنے کے لیے 19 جنوری کو کولکتہ میں غیر بی جے پی جماعتوں کے قائدین کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوگا اور اسی روز کولکتہ میں منظم کی جانے والی ترنمول کانگریس پارٹی کی عظیم الشان ریالی میں شرکت کریں گے اور ریالی کا اختتام عمل میں آنے کے بعد ہی تمام غیر بی جے پی جماعتوں کے قائدین کا اجلاس منعقد ہوگا ۔ جس میں ملک میں تازہ ترین سیاسی حالات پر غور و خوص کرنے کے بعد آئندہ مستقبل کے لائحہ عمل کے تعلق سے اہم فیصلے کیے جانے کی قوی توقع ہے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ قومی صدر تلگو دیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے گذشتہ دن اپنے دورہ دہلی کے موقع پر قومی صدر کل ہند کانگریس کمیٹی مسٹر راہول گاندھی سے ملاقات کر کے غیر بی جے پی جماعتوں کے اتحاد کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کر کے آئندہ کے لائحہ عمل پر عمل آوری کی پیشرفت سے واقف کروایا لیکن ریاست و ملک بھر میں منعقد ہونے والے اسمبلی و پارلیمنٹ انتخابات کے پیش نظر مسٹر چندرا بابو نائیڈو اور مسٹر راہول گاندھی کی گذشتہ دن ہوئی اچانک ملاقات پر سیاسی حلقوں میں کافی اہمیت کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ چندرا بابو نے وزیراعظم مودی کے خلاف جاری جدوجہد میں شامل ہونے کی مسٹر پون کلیان سے اپیل کی ہے اور بتایا کہ ریاست آندھرا پردیش کو خصوصی موقف فراہم کرنے کے لیے پہلی دستخط کرنے کانگریس پارٹی نے واضح تیقن دیا ہے اور اس مسئلہ پر مسٹر پون کلیان صدر جناسینا پارٹی کا کیا ردعمل رہے گا بہت جلد واضح ہونے کی توقع ہے ۔۔