چندریان-3 نے مدار تبدیلی کا چوتھا مرحلہ بھی کامیابی سے پورا کیا

   

نئی دہلی :چندریان-3 اس وقت کامیابی کے ساتھ زمین کے چکر لگا رہا ہے۔ آنے والے دنوں میں اس چندریان کو زمین کے مدار سے چاند کے مدار میں پہنچایا جائے گا۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق چندریان-3 نے جمعرات کو اپنا مدار (آربٹ) تبدیل کرنے کا چوتھا مرحلہ (اَرتھ باؤنڈ اآربیٹر مینیووَر) بھی کامیابی کے ساتھ پورا کر لیا ہے۔ اِسرو (انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن) نے بتایا کہ چندریان-3 اپنے مشن پر لگاتار کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ اِسرو نے یہ بھی جانکاری دی کہ اگلی فائرنگ یعنی آربٹ مینیووَرنگ 25 جولائی کو دوپہر 2 بجے سے 3 بجے کے درمیان کرنے کا منصوبہ ہے۔اس سے قبل 15 جولائی کو چندریان-3 کامیابی کے ساتھ زمین کے پہلے مدار میں داخل ہوا تھا۔ پھر 17 جولائی کو یہ زمین کے دوسرے مدار میں، اور 18 جولائی کو زمین کے تیسرے مدار میں کامیابی کے ساتھ داخل ہو گیا تھا۔واضح رہے کہ اِسرو نے 14 جولائی کو کامیابی کے ساتھ چندریان-3 مشن کو لانچ کیا تھا۔ یہ ہندوستان کا تیسرا مشن ہے جو چاند پر بھیجا گیا ہے۔ہندوستان اگر اس میں کامیاب ہو جاتا ہے تو ہندوستان ایسا کرنے والا دنیا کا چوتھا ملک بن جائے گا۔ ابھی تک امریکہ، روس اور چین نے یہ کامیابی حاصل کی ہے۔