یوٹیوب سے ویڈیوز دیکھ کر عمل کرنے کا اعتراف، مہدی پٹنم پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔ 19 ستمبر (سیاست نیوز) مہدی پٹنم پولیس نے ایک ایسے رہزن کو گرفتار کرلیا جس نے یوٹیوب میں ویڈیوز دیکھ کر واردات کو انجام دیا تھا حالانکہ پولیس نے اس سارق کو واردات کے چند ہی منٹوں میں بلکہ 200 میٹر پر گرفتار کرلیا۔ جب اس سے پوچھا گیا کہ اس نے واردات کو کیوں اور کیسے انجام دیا تو سارق 30 سالہ شیخ علیم عرف سونو نے بتایا کہ وہ عیش پسند زندگی گذارنا چاہتا تھا لیکن اخراجات کے لئے اس کے پاس پیسے نہیں تھے جس نے آسان انداز میں پیسے کمانے کی خاطر سرقہ کرنے کا منصوبہ بنایا لیکن اس طریقہ سے وہ واقف نہیں تھا جس کے لئے اس نے یونیوب کے ویڈیوز کو دیکھنا شروع کردیا اور اقدام کے دوران پکڑا گیا۔ اس کی کوشش ناکام رہی جو واردات کو انجام دینے کے چند قدم بعد ہی پولیس کے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس آصف نگر ڈیویژن کشن کمار نے بتایا کہ آج صبح کے اولین اوقات سونو کو گرفتار کرلیا گیا۔ شکایت گذار خاتون جو مہدی پٹنم بس اسٹاپ سے بس میں سوار ہو رہی تھی کہ سونو نے اس کے گلے سے طلائی چین کی رہزنی کرلی اور فرار ہو رہا تھا کہ قریب میں موجود پولیس ملازمین نے اسے گرفتار کرلیا۔ اے سی پی نے پولیس ملازمین کے اقدام اور ان کی چوکسی پر عملہ کی ستائش کی۔ ع