چھتیس گڑھ میں 13 نکسلیوں کی خودسپردگی

   

بیجاپور۔ 28 جون (یو این آئی) چھتیس گڑھ کے صلع بیجاپور میں جمعہ کے روز کمپنی نمبر 2 کے سرگرم پارٹی ممبر سمیت 13 نکسلیوں نے سلامتی دستے کے سامنے خودسپردگی کی۔ ان تمام نکسلیوں پر کل 23 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا گیا تھا۔ ان نکسلیوں نے آئی ای ڈی بم دھماکے ، پولس پر فائرنگ، آتش زنی جیسے سنگین واقعات میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے ۔ سینٹرل ریزرو پولس فورس (سی آر پی ایف) کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) بی ایس نیگی، پولس سپرنٹنڈنٹ، ڈاکٹر جتیندر یادو، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس میانک گرجر، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ونیت ساہو پروگرام میں موجود تھے ۔ حکومت نے اسکیم کے تحت خود سپردگی کرنے والے ان تمام نکسلائیٹس کو موقع پر ہی 50,000 روپے کی ترغیبی رقم فراہم کی۔ حکام کا ماننا ہے کہ مستقبل میں نکسلیوں کی بڑی تعداد مرکزی دھارے میں واپس آسکتی ہے ۔ وزیر اعلی وشنو دیو سائی نے ’پر‘ پر ٹویٹ کیا کہ بیجاپور میں 13 کٹر نکسلائٹس نے تشدد کا راستہ چھوڑ دیا! 13 کٹر نکسلائٹس کے سروں پر 23 لاکھ روپے کا انعام تھا، انہوں نے ضلع بیجاپور میں سکیورٹی فورسز کے سامنے خودسپردگی کرنے اور مرکزی دھارے میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے ۔