چھٹویں تا آٹھویں جماعت امتحانات کی منصوبہ بندی

   


محکمہ تعلیم کی جانب سے تیار تجاویز پر وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی کے ساتھ عنقریب اجلاس
حیدرآباد۔ حکومت کی جانب سے چھٹویں تا آٹھویں جماعت کے امتحانات منعقد کرنے کے سلسلہ میں غور کیا جا رہاہے اور کہا جا رہاہے کہ ریاستی محکمہ تعلیم کی جانب سے تلنگانہ میں چھٹویں تا نویں جماعت کے سالانہ امتحانات محدود نصاب کے ساتھ ہی سہی منعقد کئے جائیں گے ۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق محکمہ تعلیم کی جانب سے کی جانے والی منصوبہ بندی کے مطابق ریاست میں چھٹویں جماعت سے نویں جماعت کے طلبہ کو پروموٹ کرنے یا اگلی جماعت میں روانہ کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے ۔ ریاستی محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ کسی بھی جماعت کے سہ ماہی یا ششماہی امتحانات منعقد نہیں کئے جا سکے ہیں لیکن اب محکمہ تعلیم کی جانب سے جو منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے اس کے مطابق سالانہ امتحانات منعقد کرنے کی پالیسی بنائی جا رہی ہے ۔ تلنگانہ میںموجود تعلیمی اداروں میں یکم فروری سے نویں اور دسویں جماعتوں کے لئے باضابطہ تعلیم کا آغاز کیا گیا ہے اور اس وقت تک کہا جا رہاتھا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے پہلی تا نویں جماعت کیلئے امتحانات منعقد نہیں کئے جائیں گے بلکہ انہیں پاس کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے لیکن 24فروری سے ریاستی حکومت کی جانب سے چھٹویں سے آٹھویں جماعتوں کے لئے بھی اسکولوں میں باضابطہ تعلیم کے آغاز کی ہدایات جاری کی جاچکی ہیں لیکن سرکاری وخانگی اسکولوں میں 20 فیصد بھی حاضری نہیں ہے اس کے باوجود حکومت کی جانب سے ان جماعتو ںکے لئے امتحانات کے انعقاد کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ۔عہدیداروں نے بتایا کہ ریاست میں جملہ 7986 سرکاری اسکولوں میں چھٹویں تا نویں جماعتوں میں 20 فیصد حاضری ریکارڈ کی جا رہی ہے جبکہ 8676خانگی اسکولوں میں حاضری کا فیصد 18 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ عہدیدارو ںنے بتایا کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے تیار کردہ تجاویز اور منصوبہ کے ساتھ جلد ہی ریاستی وزیر تعلیم مسز سبیتا اندرا ریڈی کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے اس بات کا قطعی فیصلہ کیا جائے گا کہ ان جماعتوں کے لئے امتحانات کس طرح سے منعقد کئے جائیں! بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اجازت کے حصول کے بعد ہی محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کی جانب سے امتحانات کے متعلق پالیسی کا واضح اعلان کیا جائے گا ۔ بتایاجاتا ہے کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے تیار کی گئی پالیسی کے مطابق تلنگانہ میں ان جماعتو ںکے امتحانات کے انعقاد کے لئے محدود نصاب سے ہی سوالات پوچھے جائیں گے۔