چھٹے مرحلے کی انتخابی مہم کا اختتام ۔ 58 حلقوں میں کل پولنگ

   

نئی دہلی : ملک میں لوک سبھا انتخابات کے چھٹے مرحلے کیلئے انتخابی مہم آج شام اختتام کو پہونچی ۔ انتخابی مہم میں تمام ہی سیاسی جماعتوں کے اعلی قائدین نے رائے دہندوں تک رسائی حاصل کرنے کی ہر ممکن جدوجہد کی اور ان سے خطاب کیا ۔ عوام سے رابطے کیلئے روڈ شو کئے گئے اور ریلیوں کا اہتمام کیا گیا ۔ چھٹے مرحلے میں 25 مئی کو جملہ 58 پارلیمانی نشستوں کیلئے ووٹ ڈالے جائیں گے جو آٹھ ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں میں واقع ہیں۔ انتخابی مہم کے آخری دن وزیر اعظم نریندر مودی نے ہریانہ کے بھیوانی میں ریلی سے خطاب کیا جبکہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے دہلی کے دوارکا میں خطاب کیا ۔ مرکزی وزیر پیوش گوئل نے دہلی کے ہی نجف گڑھ میں بی جے پی امیدوار کے حق میں یانتخابی مہم چلائی ۔ کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے شمال مشرقی دہلی کے کانگریس امیدوار کی تائید میں ایک ریلی سے خطاب کیا اور بعد میںانہوں نے مہیلا وچار ومرش منگول پوری میںمنعقد کیا ۔ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے ہریانہ کے سرسہ میں پارٹی امیدوار کماری شیلجا کے حق میں ایک روڈ شو میں حصہ لیا ۔ بی جے پی اور اپوزیشن انڈیا بلاک کے قائدین کی جانب سے پوری شدت کے ساتھ انتخابی مہم چلائی گئی اور رائے دہندوں کو راغب کرنے کیلئے اپنی جانب سے ہر ممکن کوشش کی گئی ۔ چھٹے مرحلے میں 25 مئی کو ووٹ ڈالے جانے باقی ہیں۔ جن 58 حلقوں میں رائے دہی ہوگی ان میں 14 نشستیں اترپردیش میں ‘ 10 نشستیںہ ریانہ میں اور آٹھ بہار و مغربی بنگال میں ہیں۔ اس کے علاوہ دہلی کی سات ‘ اوڈیشہ کی چھ ‘ جھارکھنڈ کی چار اور جموں و کشمیر کی ایک نشست شامل ہے ۔ عام انتخابات کے چھٹے مرحلے میں جملہ 889 امیدوار میدان میں ہیں۔ بی جے پی کے اہم امیدواروں میں مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان ( سمبل پور ۔ اوڈیشہ ) سابق چیف منسٹر ہریانہ منوہر لال کھٹر ( کرنال ) منوج تیواری ( شمال مشرقی دہلی ) اور بنسوری سواراج ( نئی دہلی ) شامل ہیں ۔ جبکہ کانگریس سے کماری شیلجا ( سرسہ ۔ ہریانہ ) دیپیندر سنگھ ہوڈا ( روہتک ۔ ہریانہ ) جے پی اگروال چاندنی چوک اور کنہیا کمار شمال مشرقی دہلی شامل ہیں۔ ایک اور اہم امیدوار عام آدمی پارٹی کے لیڈر سومناتھ بھارتی ہیں جو نئی دہلی سے مقابلہ کر رہے ہیں۔