چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس رمنا کی حیدرآباد آمد راج بھون اور ایرپورٹ پر شاندار استقبال

,

   

حیدرآباد: چیف جسٹس سپریم کورٹ آف انڈیا جسٹس ایم وی رمنا کے حیدرآباد پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا ۔ چیف جسٹس آندھراپردیش کے دورے اور تروملا مندر میں درشن کے بعد حیدرآباد پہنچے۔ جسٹس رمنا اور ان کی شریک حیات راج بھون میں قیام کریں گی۔ ایرپورٹ سے راج بھون پہنچنے پر گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ان کا استقبال کیا ۔ چیف جسٹس کو پولیس کی جانب سے سلامی دی گئی ۔ چیف جسٹس کے عہدہ پر فائز ہونے کے بعد جسٹس رمنا پہلی مرتبہ حیدرآباد پہنچے ہیں۔ وہ تین دن تک راج بھون میں قیام کریں گے ۔ قبل ازیں شمس آباد ایرپورٹ پر چیف جسٹس کا استقبال کرنے والوں میں ریاستی وزراء کے ٹی راما راؤ ، محمد محمود علی ، سبیتا اندرا ریڈی ، پی اجئے کمار ، چیف سکریٹری سومیش کمار ، ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی ، عوامی نمائندوں اور اعلیٰ عہدیدار شامل ہیں۔ چیف جسٹس کی راج بھون آمد سے قبل چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے گورنر سوندرا راجن سے ملاقات کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس موقع پر دونوں نے ریاست کے مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ جسٹس رمنا نے آج صبح تروپتی مندر کے درش کئے ۔ جسٹس رمنا کا تعلق آندھراپردیش سے ہے تاہم ان کی پریکٹس حیدرآباد میں رہی اور وہ ہائی کورٹ جج رہے۔ تلنگانہ ہائی کورٹ کے ججس کی تعداد میں اضافہ سے متعلق ان کے فیصلہ کا ہر گوشہ سے خیرمقدم کیا جارہا ہے۔