نامپلی ایریا ہاسپٹل میں ڈائیلاسیس سنٹر اور بلڈ بنک کا افتتاح، ہریش راؤ کا خطاب
حیدرآباد۔/20اپریل، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ آئندہ ماہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نمس ہاسپٹل کے توسیعی کاموں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ مزید 2000 بیڈس پر مشتمل سوپر اسپیشالیٹی طبی خدمات فراہم کرنے کیلئے توسیعی کام انجام دیئے جارہے ہیں۔ وزیر صحت نے آج نامپلی ایریا ہاسپٹل میں ڈائیلاسیس سنٹر اور بلڈ بنک کا افتتاح کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ شہر کے چاروں طرف گچی باؤلی، صنعت نگر، الوال، ایل بی نگر میں تعمیر ہونے ٹمس ہاسپٹلس کے تعمیری کاموں میں تیزی پیدا کی جائے گی۔ کانگریس اور تلگودیشم کے دور حکومت میں غریب عوام کی صحت پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ نظام اور برٹش کے دور حکومت میں قائم کئے گئے گاندھی، عثمانیہ، نمس ہاسپٹلس کے علاوہ ان 70 سال کے دوران حکومتوں نے ایک بھی سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل تعمیر نہیں کیا۔ ہزاروں بیڈس پر مشتمل 4 سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس تعمیر کئے جارہے ہیں۔ نمس ہاسپٹل کی توسیع سے مزید 2000 بیڈس دستیاب ہوں گے جس سے 6 ہزار اضافی بیڈس دستیاب ہورہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ورنگل میں قائم ہونے والے ہیلت سٹی کے کام جنگی خطوط پر جاری ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ایمرجنسی حالات میں معیار طبی خدمات فراہم کرنے کیلئے ٹرماکیر عصری سہولتوں کے ساتھ طبی خدمات فراہم کررہا ہے۔ انہیں 3،2،1 زمروں میں تقسیم کرتے ہوئے کارپوریٹ طرز کی طبی خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔ حاملہ خواتین اور پیدا ہونے والے بچوں کی صحت پر حکومت خاص توجہ دے رہی ہے۔ کے سی آر نیوٹریشن کٹ کی تقسیم ریاست بھر میں ایک دو ہفتہ میں شروع کی جائے گی۔ اس کٹ سے 6.5 لاکھ حاملہ خواتین کو فائدہ ہوگا۔ اس اسکیم کیلئے چیف منسٹر کے سی آر نے بجٹ میں 250 کروڑ روپئے کی گنجائش فراہم کی ہے۔ تاحال ایک لاکھ کٹس اضلاع کو روانہ کردیئے گئے ہیں۔ مزید ایک لاکھ کٹس عنقریب روانہ کئے جائیں گے۔ن