چیف منسٹر آج تلنگانہ تلی مجسمہ کی نقاب کشائی کرینگے

   

حیدرآباد 8 ڈسمبر ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی 9 ڈسمبر کوتلنگانہ کی تشکیل کے اعلان اور محترمہ سونیاگاندھی کی سالگرہ کے موقع پر سیکریٹریٹ میں ’تلنگانہ تلی ‘ مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دیں گے۔ چیف منسٹر نے آج سیکریٹریٹ میں ’تلنگانہ تلی ‘ مجسمہ کی نقاب کشائی کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر چیف منسٹر کے ہمراہ وزراء کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ‘ پی سرینواس ریڈی ‘پونم پربھاکر‘ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ‘ مشیر برائے چیف منسٹر ویم نریندر ریڈی ‘ چیف سیکریٹری محترمہ شانتی کماری و دیگر موجود تھے ۔ جہاں مجسمہ کی تنصیب عمل میں لائی جا رہی ہے اس مقام کا چیف منسٹر ریونت ریڈی سے قبل انچارج وزیر شہر پونم پربھاکر نے وزیر ڈی سریدھر بابو ‘ رکن قانون ساز کونسل جناب عامر علی خان‘ چیف سیکریٹری شانتی کماری و دیگر کے ہمراہ جائزہ لیا ۔ حکومت سے سیکریٹریٹ میں تلنگانہ تلی کے مجسمہ کی نقاب کشائی تقریب میں ریاست بھر سے ایک لاکھ افراد کی شرکت کو یقینی بنانے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ کہا جا رہاہے کہ تلنگانہ کے تمام حلقہ جات اسمبلی کی خواتین کو تقریب میں شرکت کیلئے مدعو کیا گیا ہے اور توقع ہے کہ اس پروگرام میں سیلف ہیلپ گروپ کی خواتین شرکت کریں گی۔3