چیف منسٹر آج میڑچل میں دھرانی پورٹل کا افتتاح کریں گے

,

   

حیدرآباد۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ 29 اکٹوبر کو دوپہر 12:30 بجے دھرانی پورٹل کا ضلع میڑچل۔ ملکاجگیری کے منڈل شاہ میر پیٹ کے گاؤں مدو چنتلا پلی میںافتتاح کریں گے۔ یہ پورٹل تمام اراضیات اور پراپرٹی سے متعلق معاملتوں اور دستاویزات کیلئے ون اسٹاپ پورٹل ہوگا۔ اس پورٹل کا افتتاح 25 اکٹوبر کو دسہرہ کے موقع پر کیا جانا تھا لیکن 570 منڈل ریوینو دفاتر اور 142 سب رجسٹرار آفسیس میں آن لائن نیٹ ورک کی تنصیب میں تاخیر کے باعث اس کا 29 اکٹوبر کو افتتاح کیا جارہا ہے۔اس پورٹل کے ذریعہ اراضیات کے رجسٹریشن، میوٹیشن اور ٹرانسفر کے عمل میں شفافیت کے علاوہ شہریوں کو نقائص سے پاک محفوظ خدمات فراہم کی جائیں گی۔ پورٹل کی تمام خدمات شفافیت کے ساتھ اور تیزی سے مکمل کی جائیں۔ دھرانی ملک بھر کیلئے ایک مثال ثابت ہوگا۔ چیف سکریٹری نے دھرانی پورٹل کی کارکردگی اور اس پر سلاٹ بکنگ، سٹیزن اوپن پورٹل اور دیگر خدمات کے سلسلہ میں پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعہ عہدیداروں کوتربیت دی۔ چیف سکریٹری کے مطابق اس پورٹل سے ریوینو ڈپارٹمنٹ کی خدمات میں مزید اضافہ ہوگا کیونکہ انہیں جوائنٹ سب رجسٹرار کی ذمہ داریاں دی جارہی ہیں۔ پورٹل کی بہتر کارکردگی کیلئے تمام دفاتر میں ضروری انفراسٹرکچر سہولتیں دستیاب رہیں گی۔