چیف منسٹر آج کرنل سنتو ش بابو کے پسماندگان سے ملاقات کرینگے

   

بیوہ کو ڈپٹی کلکٹر کا عہدہ، شیخ پیٹ میں 500 گز اراضی،5 کروڑ ایکس گریشیا
حیدرآباد۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کل22 جون کو سوریا پیٹ کا دورہ کرتے ہوئے کرنل بی سنتوش بابو کے پسماندگان سے ملاقات کریں گے۔ چیف منسٹر کے دورہ سوریا پیٹ کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ چیف منسٹر کے دورہ کا مقصد کرنل سنتوش بابو کی بیوہ اور والدین سے ملاقات کرنا ہے تاکہ انہیں حکومت کی جانب سے اعلان کردہ امداد کے کاغذات حوالے کرسکیں۔ چیف منسٹر نے لواحقین کیلئے 5 کروڑ روپئے اور حیدرـآباد کے شیخ پیٹ علاقہ میں گھر کیلئے 500 گز اراضی فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ کرنل کی بیوہ سنتوشی کو گروپ I ملازمت کے تحت ڈپٹی کلکٹر کے عہدہ پر پوسٹنگ کے احکامات بھی چیف منسٹر حوالے کریں گے۔ 5 کروڑ کا چیک اور شیخ پیٹ میں اراضی کے الاٹمنٹ کے سرکاری احکامات بھی چیف منسٹر حوالے کریں گے۔تلنگانہ حکومت نے وطن پر جان نچھاور کرنے والے 19 دیگر جوانوں کے لواحقین کیلئے فی کس 10 لاکھ روپئے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔لداخ کی گلوان وادی میں 15 جون کو چینی افواج کے ساتھ جھڑپ میں کرنل سنتوش بابو اور دیگر 19 ہندوستانی فوجی جوانوں نے سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے ملک پر جان نچھاور کردی تھی۔ اپوزیشن نے چیف منسٹر کو یہ کہتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا کہ وہ فلم اسٹارس کی موت پر تعزیت کیلئے افراد خاندان سے ملاقات کرتے ہیں لیکن کرنل سنتوش کی آخری رسومات میں شرکت نہیں کی۔ جس کے بعد کے سی آر نے امدادی پیاکیج کا اعلان کرکے سوریا پیٹ پہنچ کر افراد خاندان سے ملاقات اور انہیں امداد سے متعلق احکامات حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر کے دورہ کے سلسلہ میں ضلع کلکٹر ونئے کرشنا ریڈی اور سپرنٹنڈنٹ بھاسکرن انتظامات کی نگرانی کررہے ہیں۔ ریاستی وزیر برقی جگدیش ریڈی جن کا تعلق سوریا پیٹ سے ہے وہ بھی چیف منسٹر کے ہمراہ موجود رہیں گے۔