عاجلانہ صحتیابی کیلئے نیک تمنائیں، کے ٹی آر اور ہریش راؤ نے علاج کی تفصیلات سے واقف کرایا
حیدرآباد۔/10ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آج یشودھا ہاسپٹل پہنچ کر سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی عیادت کی اور عاجلانہ صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ریاستی وزیر ڈی انوسویا سیتکا، سابق وزیر محمد علی شبیر اور محکمہ صحت کے عہدیداروں کے ہمراہ چیف منسٹر یشودھا ہاسپٹل پہنچے جہاں کے سی آر زیر علاج ہیں۔ سابق وزراء کے ٹی راما راؤ اور ہریش راؤ نے ان کا استقبال کیا اور خصوصی شعبہ میں کے سی آر سے ملاقات کرائی۔ ریونت ریڈی نے کے سی آر سے مختصر بات چیت کی اور امید ظاہر کی کہ جلد وہ مکمل صحت یاب ہوکر عوامی زندگی میں واپس ہوں گے۔ ڈاکٹرس نے چیف منسٹر کو بتایا کہ کے سی آر کی صحت میں تیزی سے بہتری آرہی ہے اور روزانہ چہل قدمی کا سلسلہ جاری ہے۔ مکمل صحتیابی کیلئے 6 تا 8 ہفتے درکار ہوں گے۔ ڈاکٹرس نے بتایا کہ کے سی آر پر ادویات کا بہتر اثر ہورہا ہے۔ ریونت ریڈی نے بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ، سابق وزیر ہریش راؤ اور رکن راجیہ سبھا جے سنتوش کمار سے کچھ دیر تک بات چیت کی اور حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ واضح رہے کہ دو دن قبل کے سی آر اپنے فارم ہاوز میں پھسل کر گرپڑے جس کے نتیجہ میں ان کے کولہے کی ہڈی میں فریکچر آگیا اور یشودھا ہاسپٹل میں سرجری کی گئی۔ چیف منسٹر نے ہاسپٹل سے واپسی سے قبل میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سابق چیف منسٹر جلد صحت یاب ہوکر اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو ان کی تجاویز اور مشوروں کی ضرورت ہے۔ ریونت ریڈی نے ڈاکٹرس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ کے سی آر کی حالت مستحکم ہے اور وہ امید کرتے ہیں کہ سابق چیف منسٹر جلد ہی اپنی عوامی سرگرمیوں میں شامل ہوجائیں گے۔ اسی دوران ریاستی وزیر پونم پربھاکر نے بھی یشودھا ہاسپٹل پہنچ کر کے سی آر کی عیادت کی اور عاجلانہ صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر بی آر ایس رکن اسمبلی کے پربھاکر ریڈی اور یشودھا ہاسپٹل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر ایم وی راؤ اور دوسرے موجود تھے۔