چیف منسٹر ریونت ریڈی کا ’مشن14‘ پلان تیار

   

گریٹر حیدرآباد کے تین لوک سبھا حلقوں سکندرآباد، چیوڑلہ، ملکاجگری کیلئے خصوصی حکمت عملی کی تیاری
حیدرآباد ۔ 20 اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے تلنگانہ میں لوک سبھا کے انتخابات میں کانگریس کو 14 حلقوں پر کامیابی حاصل کرنے ’مشن 14‘ پلان تیار کیا ہے۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں شامل سکندرآباد، چیوڑلہ اور ملکاجگری لوک سبھا حلقوں پر کانگریس امیدواروں کو کامیاب بنانے خصوصی حکمت عملی تیار کی ہے۔ 13 مئی تک پارٹی کی انتخابی مہم کیلئے منصوبہ بندی کو قطعیت دی ہے۔ تین مرحلوں میں انتخابی مہم کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ درمیان میں کانگریس پارٹی کے قومی قائدین سے انتخابی مہم چلانے کی بھی تیاری کی جارہی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اپنے آبائی ضلع محبوب نگر لوک سبھا کی نشست کو وقار کا مسئلہ بناتے ہوئے انتخابی مہم چلارہے ہیں۔ ابھی تک ایک ماہ کے دوران چار جلسوں سے خطاب کرچکے ہیں۔ چیف منسٹر گریٹر حیدرآباد پر بھی خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ اسمبلی انتخابات میں اضلاع میں کانگریس پارٹی نے شاندار مظاہرہ کیا ہے۔ تاہم گریٹر حیدرآباد میں نتائج کانگریس کیلئے مایوس کن ثابت ہوئے جس کے پیش نظر لوک سبھا انتخابات کیلئے گریٹر حیدرآباد میں خصوصی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ لوک سبھا حلقہ جات سکندرآباد اور ملکاجگری میں کانگریس پارٹی نے ایک بھی اسمبلی حلقہ پر کامیابی حاصل نہیں کی ہے۔ حلقہ لوک سبھا چیوڑلہ میں کانگریس کو توقع کے مطابق کامیابی نہیں ملی جس کے بعد ان تینوں لوک سبھا حلقوں کیلئے خصوصی آپریشن کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ حلقہ لوک سبھا چیوڑلہ کی نمائندگی کرنے والے بی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ رنجیت ریڈی کو کانگریس میں شامل کرتے ہوئے انہیں کانگریس کا امیدوار بنایا گیا ہے۔ سابق وزیر پی مہیندر ریڈی کو کانگریس میں شامل کرتے ہوئے ان کی شریک حیات سنیتا ریڈی کو حلقہ لوک سبھا ملکاجگری سے کانگریس کا امیدوار بنایا گیا ہے۔ اسمبلی حلقہ خیرت آباد کی نائندگی کرنے والے بی آر ایس کے رکن اسمبلی ڈی ناگیندر کو کانگریس میںشامل کرتے ہوئے انہیں لوک سبھا حلقہ سکندرآباد سے کانگریس کا امیدوار بنایا گیا ہے ۔ ان تینوں حلقوں کے کانگریس پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب بنانے کیلئے گریٹر حیدرآباد میں مختلف اسمبلی حلقوں کی نمائندگی کرنے والے بی آر ایس کے ارکان اسمبلی کو کانگریس میں شامل ہونے کی ترغیب دی جارہی ہے۔ پارٹی کے باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ حلقہ اسمبلی راجندر نگر کی نمائندگی کرنے والے بی آر ایس کے رکن اسمبلی پرکاش گوڑ بہت جلد کانگریس میں شامل ہوجائیں گے۔ اس کے علاوہ ارکان اسمبلی بھی کانگریس سے رابطہ بنائے ہوئے ہیں۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے 21 تا 24 اپریل تک ریاست کے مختلف علاقوں میں پارٹی امیدواروں کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے اور پارٹی کے جلسہ عاموں سے بھی خطاب کریں گے جس کی پارٹی کی جانب سے بڑے پیمانے پر تیار کی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ لوک سبھا حلقہ جات کریم نگر، پداپلی اور نظام آباد کی انتخابی مہم کیلئے علحدہ حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔2