حیدرآباد ۔17۔جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سنگا پور کے وزیر خارجہ ویویان بالا کرشنن سے ملاقات کی اور تلنگانہ کے ساتھ باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم پر سنگا پور کے وزیر خارجہ سے ملاقات کی، تصاویر کو وائرل کیا۔ انہوں نے سنگا پور کے دورہ کے آغاز پر اس ملاقات کو ثمر آور قرار دیا اور کہا کہ وزیر خارجہ کے ساتھ باہمی تعاون کے مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔ چیف منسٹر تلنگانہ میں انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ، توانائی ، گرین اینرجی ، واٹر مینجمنٹ ، تعلیم ، سیاحت ، اسکل ڈیولپمنٹ ، آئی ٹی پارکس ، دریاؤں کی ترقی اور دیگر شعبہ جات میں سنگا پور کے اداروں سے تعاون کے خواہاں ہیں ۔ چیف منسٹر نے یقین ظاہر کیا کہ آنے والے دنوں میں تلنگانہ کو اہم کامیابیاں حاصل ہوں گی۔ چیف منسٹر کے ہمراہ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو اور عہدیدار موجود تھے۔ موسی ریور فرنٹ پراجکٹ کی تکمیل کے سلسلہ میں چیف منسٹر سنگا پور میں جھیلوں کی ترقی کا جائزہ لیں گے۔ چیف منسٹر کے سنگا پور پہنچنے پر غیر مقیم ہندوستانیوں اور بالخصوص تلگو عوام کی جانب سے ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ سنگا پور میں تلگو ریاستوں سے تعلق رکھنے والے افراد کئی اہم شعبہ جات میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ چیف منسٹر دو دن تک سنگا پور میں مختلف اداروں کا معائنہ کریں گے اور توقع کی جارہی ہے کہ ریاست میں سرمایہ کاری کیلئے معاہدات طئے پائیں گے۔ چیف منسٹر سنگا پور اور ڈاؤس میں ایک لاکھ کروڑ کی سرمایہ کاری کے نشانہ کے ساتھ دورہ کر رہے ہیں۔1