ممبئی: مہاراشٹرا کے نائب وزیر اعلی دیویندر فڑنویس نے پیر کو کہا کہ ایکناتھ شنڈے ایک سچے شیو سینک ہیں اور آخر کاروہ ریاست کے وزیر اعلی بن گئے ہیں۔ اسمبلی میں ایک بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شیوسینا۔بی جے پی اتحاد کو عوام کا مینڈیٹ ملا تھا، لیکن اسے قبول نہیں کیا گیا۔ فڑنویس نے کہا کہ ایکناتھ شنڈے کے ساتھ ہم نے دوبارہ شیوسینا کے ساتھ اپنی حکومت بنائی ہے ۔ میں نے ایک بار کہا تھا کہ میں واپس آؤں گا۔ لیکن جب میں نے یہ کہا تو کچھ لوگوں نے میرا مذاق اڑایا۔ آج میں واپس آچکا ہوں اور انہیں (ایکناتھ شنڈے ) لے کر آیاہوں۔ جنہوں نے میرا مذاق اڑایاہے ، میں ان سے قطعی بدلہ نہیں لوں گا۔ میں انہیں معاف کر دوں گا۔ سیاست میں ہر بات دل پر نہیں لی جاتی۔ فڑنویس نے کہا کہ سیاست میں سب کومخالفین کی آواز سننے کیلئے ہمیشہ تیار رہنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو سوشل میڈیا پر پوسٹ ڈالنے کے لئے جیل جانا پڑا ہے ۔ ہمیں اپنے خلاف بولنے والوں کے لیے تیار رہنا چاہیے ۔