سابق آئی پی ایس عہدیدار پراوین کمار کا عہد
حیدرآباد۔27 ۔اگست (سیاست نیوز) بہوجن سماج پارٹی کے اسٹیٹ کوآرڈینیٹر اور سابق آئی پی ایس عہدیدار ڈاکٹر آر ایس پراوین کمار نے کہا کہ تلنگانہ میں بی ایس پی برسر اقتدار آنے پر چیف منسٹر کے سی آر کے فارم ہاؤز کو برقی کی سربراہی منقطع کرتے ہوئے دلتوںکی طاقت کا مظاہرہ کیا جائے گا ۔ کریم نگر میں پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پراوین کمار نے کہا کہ دلتوں کی بھلائی پر حکومت مگرمچھ کے آنسو بہا رہی ہے ۔ دلت بندھو اسکیم انتخابی فائدہ کیلئے محض دکھاوا ہے ۔ حکومت کو ریاست بھر میں اسکیم پر عمل آوری میں کوئی دلچسپی نہیں ۔ انہوں نے گزشتہ 7 برسوں کے دوران ایس سی کارپوریشن کو منظور کئے گئے بجٹ پر وائیٹ پیپر جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر ایٹالہ راجندر کو شکست دینے کے لئے حکومت سرکاری خزانہ سے بھاری رقومات خرچ کر رہی ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ کالیشورم پراجکٹ میں ایک لاکھ کروڑ کی بے قاعدگی پر بی جے پی خاموش کیوں ہے۔ R