چیف منسٹر کی حیثیت سے عمر عبداللہ کی آج حلف برداری

,

   

صدر کانگریس کھرگے ،راہول گاندھی اور دیگر کی شرکت متوقع

سرینگر: نیشنل کانفرنس کے قائد عمرعبداللہ چہارشنبہ 16اکتوبر کو جموں وکشمیر کے چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیں گے۔جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنگھ نے پیر کو جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے رہنما عمر عبداللہ کو 16 اکتوبر کو حلف برداری کے لیے مدعو کیا ہے۔ نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے گورنر کوایک خط روانہ کرتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ عمر عبداللہ کو متفقہ طور پر لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا ہے اور انہوں نے تشکیل حکومت کا دعویٰ پیش کیا۔اس مکتوب کے وصول ہونے کے بعد گورنر نے عمر عبداللہ کو حلف برداری کی دعوت دی۔کل ہونے والی تقریب حلف برداری میں صدر کانگریس ملکارجن کھرگے ‘ قائد اپوزیشن راہول گاندھی اور پارٹی کے دیگر کئی اہم قائدین کی شرکت متوقع ہے ۔ایل جی منوج سنہا نے یہ بھی بتایا کہ انہیں جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر طارق ہمد قرہ، سی پی آئی (ایم) کے سکریٹری جی این ملک، عام آدمی پارٹی کے قومی سکریٹری پنکج کمار گپتا اور 5 آزاد امیدواروں کی طرف سے ایک خط موصول ہوا ہے، جس میں حکومت کی تشکیل میں حمایت کی پیشکش کی گئی ہے۔.حلف برداری تقریب سری نگر میں 16 اکتوبر کو صبح 11.30 بجے ہوگی۔اس سے قبل 11 اکتوبر کو نیشنل کانفرنس کے رہنما عمر عبداللہ نے جموں و کشمیر میں حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا تھا۔ انہوں نے راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے مختلف پارٹیوں اور آزاد امیدواروں کی حمایت کے خطوط کے ساتھ ملاقات کی تھی۔جموں و کشمیر میں حال ہی میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں، جے کے نیشنل کانفرنس کی زیر قیادت انڈیا اتحاد نے 49 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے جبکہ بی جے پی صرف 27 نشستیں جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ دیگر نے 9 نشستیں حاصل کیں۔چار آزاد ارکان اسمبلی نے نیشنل کانفرنس کی حمایت کا اعلان کیا ہے ۔