نظام آباد۔ 10 کتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ اے ریونت ریڈی نے آج نظام آباد کا دورہ کرتے ہوئے رکن اسمبلی نظام آباد رورل آر۔بھوپتی ریڈی کی والدہ مرحومہ لکشمی نرسمّاں کے دہم میں شرکت کی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی دوپہر ایک بجے کے قریب ہیلی کاپٹر کے ذریعہ نظام آباد پہنچے، انٹیگریٹیڈ کلکٹریٹ احاطہ میں واقع ہیلی پیڈ پر کلکٹر ٹی ونئے کرشنا ریڈی، پولیس کمشنر پی سائی چیتنیا اور دیگر اعلیٰ عہدیداران نے انہیں گلدستے پیش کرتے ہوئے استقبال کیا۔چیف منسٹر کا قافلہ سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان بورگاؤں (گاؤں پنچایت حدود) کے بھوما ریڈی کنونشن ہال پہنچا، جہاں انہوں نے دہم میں شرکت کی۔ اس موقع پر ریونت ریڈی نے رکن اسمبلی بھوپتی ریڈی اور اُن کے اہلِ خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔تقریب میں پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر مہیش کمار گوڑ ریاستی وزیر سیتکّا، گورنمنٹ ایڈوائزر ویم نریندر ریڈی اور محمد شبیر علی، گورنمنٹ وِپ آدی سرینواس،، ارکانِ اسمبلی سدرشن ریڈی، دھنپال سوریہ نارائن، راکیش ریڈی، اعلیٰ صدر نشین اردو اکیڈمی طاہر بن حمدان سرکاری عہدیداروں، مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین اور ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔بعد ازاں وزیر اعلیٰ کا قافلہ واپس کلکٹریٹ پہنچا، جہاں سے وہ ہیلی کاپٹر کے ذریعہ حیدرآباد روانہ ہوگئے۔ وزیر اعلیٰ کے دورے کے پیشِ نظر ضلع انتظامیہ کی جانب نے وسیع تر انتظامات کئے گئے تھے اور پولیس کی بھاری بندبست کرتے ہوئے ٹرافک رخ کو موڑ دیا گیا تھا پولیس کمشنر سائی چیتنیا بندوبست کی نگرانی کر رہے تھے۔