حیدرآباد ۔ 3 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاست کے بدلتے ہوئے سیاسی منظر کو دیکھتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر سیاسی نظریہ ساز پرشانت کشور کے ساتھ مل کر کام کرنے اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی اختیار کرنے کی تیاریاں کررہے ہیں ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ پرشانت کشور کی ٹیم ’ آئی پیاک ‘ سے چیف منسٹر کے سی آر نے پرگتی بھون میں ملاقات کی ہے ۔ حالیہ دنوں کے دوران دوباک ۔ جی ایچ ایم سی اور حضور آباد کے انتخابات میں حکمران جماعت کو شکست ہوئی ۔ چیف منسٹر حکومت کے مختلف اسکیمات پر عوامی نبض جاننا چاہتے ہیں ۔ اس لیے پر شانت کشور سے رابطے میں ہیں اور ان کی ٹیم سے سروے کرانا چاہتے ہیں ۔ بالخصوص حکومت کے فلاحی اسکیمات پر مختلف مذاہب اور طبقات کے بارے میں عوامی ردعمل جاننا چاہتے ہیں ۔ ٹی آر ایس کے 7 سالہ دور حکومت میں کئے گئے فیصلوں کے تعلق سے عوام کتنا خوش ہیں اور کتنے برہم ہیں جاننا چاہتے ہیں ۔ وزراء اور پارٹی ارکان اسمبلی کی کارکردگی کے تعلق سے عوام میں پائے جانے والے رجحان کو جاننا چاہتے ہیں ۔ اس لیے ’ آئی پیاک ‘ کی خدمات سے استفادہ کررہے ہیں ۔ امکان ہے کہ بہت جلد پرشانت کشور چیف منسٹر سے ملاقات کریں گے ۔۔ ن