چیف منسٹر کی 15 مارچ کو لال بہادر اسٹیڈیم میں دعوت افطار

   

وزیر اقلیتی بہبود اظہرالدین نے انتظامات کا جائزہ لیا

حیدرآباد ۔11 ۔ مارچ (سیاست نیوز) وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین نے آج لال بہادر اسٹیڈیم میں 15 مارچ کو چیف منسٹر ریونت ریڈی کی جانب سے دعوت افطار کے انتظامات کا جائزہ لیا اور عہدیداروں کو ضروری ہدایات جاری کیں ۔ اظہرالدین نے دعوت افطار کے وسیع تر انتظامات کرنے اور کسی بھی گوشہ میں نقائص سے پاک انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ محمد اظہرالدین کے ہمراہ صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن عبید اللہ کوتوال ، صدرنشین حج کمیٹی مولانا غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ، صدرنشین اردو اکیڈیمی طاہر بن حمدان، صدرنشین وقف بورڈ عظمت اللہ حسینی، سکریٹری اقلیتی بہبود بی شفیع اللہ، ایڈیشنل کمشنر پولیس تفسیر اقبال اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ اس موقع پر محمد اظہرالدین نے کہا کہ وزیر کی حیثیت سے ذمہ داری سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ دعوت وہ افطار کے انتظامات کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکمہ جات کو باہمی تال میل کے ذریعہ موثر انتظامات کرنا چاہئے ۔ سیکوریٹی اور پارکنگ کے سلسلہ میں پولیس اور ٹریفک پولیس کو ہدایات دی گئی۔ دعوت افطار میں ریاستی وزراء ، عوامی نمائندے اور سماج کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والی شخصیتوں کو مدعو کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دعوت افطار میں تقریباً 10,000 افراد کی شرکت متوقع ہے اور ان تمام کے لئے افطار اور طعام کے وسیع تر انتظامات کئے جائیں گے۔ اظہرالدین نے کہا کہ جس طرح کرسمس ڈنر کے موقع پر لال بہادر اسٹیڈیم میں وسیع انتظامات کئے گئے تھے، اسی طرح دعوت افطار کیلئے بھی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام علحدہ گیلریز میں روزہ داروں کیلئے افطار اور طعام کا انتظام رہے گا۔1