چیف منسٹر کے بیرونی دورہ کے پروگرام میں تبدیلی

,

   

آسٹریلیا کا دورہ منسوخ، دہلی میں کانگریس آفس کے افتتاح میں شریک ہوں گے

حیدرآباد ۔10۔جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی کے بیرونی دورہ کے پروگرام میں تبدیلی کا امکان ہے۔ نئی دہلی میں 15 جنوری کو آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے نئے دفتر کی افتتاحی تقریب کے ضمن میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کے بیرونی دورہ میں آسٹریلیا کا دورہ شامل نہیں رہے گا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر سنگا پور اور ڈاؤس کا دورہ کریں گے ۔ پہلے سے طئے شدہ پروگرام کے مطابق چیف منسٹر 13 جنوری کو آسٹریلیا روانہ ہونے والے تھے جہاں برسبین میں اسپورٹس یونیورسٹی کا دورہ پروگرام میں شامل تھا ۔ نئی دہلی میں 15 جنوری کو آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے نئے دفتر کی افتتاحی تقریب مقرر ہے جس میں شرکت کیلئے چیف منسٹر 14 جنوری کو نئی دہلی روانہ ہوں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ 15 اور 16 جنوری کو نئی دہلی میں مرکزی وزراء سے ریاست کے مسائل پر نمائندگی کریں گے ۔ ریونت ریڈی 17 جنوری کو سنگا پور روانہ ہوں گے اور دو دن تک مختلف پراجکٹس کا معائنہ کریں گے۔ فیوچر سٹی میں عالمی معیار کے شاپنگ سنٹرس کے قیام کے سلسلہ میں چیف منسٹر سنگا پور کے مختلف اداروں کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے ۔ 19 جنوری کو سنگا پور سے ڈاؤس کے لئے روانہ ہوں گے جہاں ورلڈ ٹریڈ سمٹ میں شرکت کریں گے۔ تلنگانہ میں سرمایہ کاری کیلئے عالمی سطح کے صنعتی اداروں کے نمائندوں سے چیف منسٹر ملاقات کرتے ہوئے سرمایہ کاری کے سلسلہ میں معاہدہ کریں گے۔1