ہر شعبہ میں انقلابی ترقی ، سماج کا ہر طبقہ مطمئن : ڈاکٹر کے کیشو راؤ
حیدرآباد :۔ ٹی آر ایس کے سکریٹری جنرل و رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے کیشو راؤ نے چیف منسٹر کے سی آر کو بھگوان دیا ہوا پرساد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ترقی کیا ہوتی ہے ۔ گذشتہ 6 سال میں کے سی آر نے سارے ملک کو دکھایا ہے ۔ تلنگانہ بھون میں یوم جمہوریہ کے موقع پر قومی پرچم لہرانے کے بعد خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر وزیر داخلہ محمد محمود علی ، ٹی آر ایس کی رکن پارلیمنٹ کویتا کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے ۔ کیشو راؤ نے کہا کہ یوم جمہوریہ ہندوستان کا ایک ایسا تہوار ہے جس کو ہم نے اپنے ملک کو چلانے کے لیے تیار کرلیا ہے ۔ تشکیل کے صرف 6 سال میں ریاست تلنگانہ ملک کے لیے مثالی ریاست میں تبدیل ہوگیا ۔ کل ہی چیف منسٹر کے سی آر نے زراعت کا جائزہ لیا ہے ۔ ماضی کا تقابل کریں تو تلنگانہ کی فصلوں کی پیداوار میں چار گنا اضافہ ہوا ہے ۔ عوام نے کے سی آر پر جن توقعات کا اظہار کیا تھا اس سے زیادہ چیف منسٹر کے سی آر ریاست کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے کام کررہے ہیں ۔ ڈسپلن اور خصوصی منصوبہ بندی کے ذریعہ کام کرنے پر کامیابی نصیب ہوتی ہے ۔ یہی پیغام چیف منسٹر نے سارے ملک کو دیا ہے ۔ ملک کی کئی ریاستیں تلنگانہ میں انجام دئیے جانے والے ترقیاتی و تعمیری پروگرامس کے علاوہ فلاحی اسکیمات کی تقلید کررہی ہے ۔ ہر شعبہ میں انقلابی ترقی ہوئی ہے اور سماج کا ہر طبقہ حکومت کی کارکردگی سے پوری طرح مطمئن ہیں ۔ جمہوریت کی اصلی روح یہی ہے جس پر چیف منسٹر کے سی آر عمل کررہے ہیں ۔۔